پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں میں 445 کا اضافہ، مزید 514 صحتیاب

پاکستان میں اگرچہ کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال بہتر ہورہی ہے تاہم گزشتہ 2 روز سے ملک کے کچھ حصوں میں کیسز کی تعداد میں کچھ حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 4 ہزار 386 ہے جس میں سے 2 لاکھ 91 ہزار 683 صحتیاب ہوگئے ہیں جبکہ 6 ہزار 408 کا انتقال ہوا ہے۔

پاکستان میں آج 18 ستمبر کی صبح تک مزید 445 کیسز اور 5 اموات کا اضافہ ہوا، تاہم ان کیسز میں 193 کیسز بلوچستان اور 57 خیبرپختونخوا کے بھی شامل تھے جو گزشتہ روز کے اعداد و شمار تھے تاہم یہ رپورٹ آج ہوئے۔

بلوچستان میں ان کیسز کے بعد مجموعی تعداد 13 ہزار 991 جبکہ خیبرپختونخوا میں مجموعی کیسز 37 ہزار 242 ہوگئی۔‎

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا، جس کے بعد یہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پورے ملک میں پھیل گیا۔

ابتدا میں فروری سے مارچ کے دوران تک ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد کافی کم رہی تاہم اپریل میں ان کیسز میں اضافہ ہونا شروع ہوا۔

جس کے بعد مئی میں کیسز اور اموات کی یہ تعداد بڑھی اور بعد ازاں جون میں صورتحال مکمل طور پر تبدیل ہوگئی۔

جون میں پاکستان میں یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے زیادہ رپورٹ ہونے لگیں اور ہسپتالوں پر دباؤ بھی بڑھ گیا۔

تاہم بعد ازاں جولائی میں کیسز اور اموات کی تعداد ایک مرتبہ پھر کم ہونا شروع ہوئی جس میں اگست میں مزید بہتری آئی۔

بعد ازاں رواں ماہ بھی کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال بہتری کی جانب ہی گامزن ہے۔

آج 18 ستمبر کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 101 مریضوں اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں 101 نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 98 ہزار 142 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 2 فرد کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگئے جس نے مجموعی اموات کی تعداد کو 2 ہزار 225 تک پہنچا دیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 28 نئے مریض اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 16 ہزار 33 تک پہنچ گئی۔

اسی طرح 2 اموات نے دارالحکومت میں اموات کی مجموعی تعداد کو 180 تک پہنچا دیا۔

گلگت بلتستان

پاکستان کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 45 مریض اور ایک موت سامنے آگئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق 45 مریضوں نے وہاں کیسز کی مجموعی تعداد کو 3 ہزار 381 تک پہنچا دیا۔

اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال کرجانے سے یہ تعداد 80 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے کیسز میں 21 کا اضافہ رپورٹ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 21 مریضوں نے کیسز کی تعداد کو 2 ہزار 472 تک پہنچا دیا۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 514 مریض شفایاب ہوئے۔

اس نئے اضافے کے بعد کورونا وائرس سے شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 91 ہزار 683 ہوگئی جو مجموعی کیسز کا تقریباً 96 فیصد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 304386

اموات: 6408

صحتیاب: 291683

فعال کیسز: 6295

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *