اٹلی ہلاکتوں کی تعداد 240 سے بڑھ گئی

یورپی ملک اٹلی میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے وسطی علاقے میں بدھ کو آنے والے شدید زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد 240 سے بڑھ گئی ہے جبکہ اب بھی لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔ اٹلی کے ہزاروں امدادی کارکنان نے رات بھر ملبے میں لاپتہ افراد کی تلاش جاری رکھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ بدھ کو آنے والے زلزلے کے نتیجے میں اب تک 247 افراد ہلاک اور کم سے کم 368 زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق سب سے زیادہ 86 ہلاکتیں اکومولی میں ہوئی ہیں جو زلزلے کے مرکز کے قریب واقع ہے۔

ہلاک ہونے والے افراد کی اکثریت کا تعلق پیسکارا ڈیل ٹورنٹو نامی گاؤں سے ہے جو زلزلے سے مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ اٹلی کے وزیراعظم میتیو رینزی نے کہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد حتمی نہیں ہے۔ اٹلی کے وزیرِ صحت کا کہنا ہے کہ مرنے والے افراد میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے اور اس بات کا خدشہ ہے کہ یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ زلزلے سے بڑی تعداد میں عمارتیں منہدم ہو گئیں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ منہدم عمارتوں میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں :-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *