ملتان ضمنی الیکشن: جاوید ہاشمی کو شکست، عامر ڈوگر نے میدان مار لیا

amir dogarملک میں بدلتے ہوئے سیاسی ماحول نے ملتان کے ضمنی الیکشن میں رنگ دکھا دیا جہاں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار عامر ڈوگر نے میدان مار لیا اورباغی نے اپنی شکست تسلیم کرلی۔
ملتان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 149 پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے سابق صدر جاوید ہاشمی اور عامر ڈوگر کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا جس میں عامر ڈوگر کو ابتدائی نتائج سے ہی جاوید ہاشمی پر برتری حاصل رہی جو دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں ووٹوں کے واضح فرق تک جا پہنچی۔ ضمنی الیکشن میں جاوید ہاشمی اور عامر ڈوگر نے آزاد امیدواروں کی حیثیت سے حصہ لیا لیکن اس معرکے میں جاوید ہاشمی کومسلم لیگ(ن) اور عامر ڈوگر کو تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی۔
ضمنی الیکشن کے نتائج جیسے جیسے سامنے آتے رہے جاوید ہاشمی اور عامر ڈوگر کی ووٹوں کی گنتی میں سیکڑوں سے ہزاروں کا واضح فرق نمایاں ہوتا گیا اور باغی کے نام سے مشہور تحریک انصاف کے سابق صدر نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوارعامر ڈوگر کے آگے اپنی شکست کو تسلیم کرلیا۔ ضمنی انتخاب کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق عامر ڈوگر نے 52321 ووٹ حاصل کیے اور جاوید ہاشمی 38393 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار جاوید صدیقی کو 6326ووٹ ملے۔
دوسری جانب الیکشن میں کامیابی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا عامر ڈوگر نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ ان کا کہنا تھا کہ جیت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں، عوام نے مجھے بھاری اکثریت سے منتخب کیا، تحریک انصاف اور عمران خان کا شکر گزار ہوں جن کی حمایت کی بدولت کامیابی  ملی، آج کا الیکشن بارش کا پہلا قطرہ ہے، ملک میں اب تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے اور آج کی شکست جاوید ہاشمی کو نہیں بلکہ حکمرانوں کو ہوئی ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عامر ڈوگر کا مقابلہ کسی ایک آدمی سے نہیں بلکہ اس نظام سے تھا جس کی تبدیلی کے لئے عمران خان نکلے ہیں، عامر ڈوگر نے آج فرسودہ نظام کو شکست دے کر نئے پاکستان میں اپنا حصہ شامل کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ 2013 کے انتخابات میں عامر ڈوگر نے پیپلزپارٹی  کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا جس میں انہیں صرف 20 ہزار ووٹ ملے  جب کہ جاوید ہاشمی  تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ کر 83640 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے تھے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *