ملالہ کے میڈلز میں ایک اور اضافہ، امریکہ نے لبرٹی میڈل سے نواز دیا

malalaدنیا کی کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ پاکستانی شخصیت ملالہ یوسفزئی کو تعلیم کے لئے ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے امریکا کا ” لبرٹی میڈل” دے دیا گیا۔
یہ اعزازملالہ یوسفزئی کی کوششوں اور تعلیم کے لئے اعلی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں دیا گیا جبکہ انہیں بطور انعام ایک لاکھ امریکی ڈالر بھی دیئے گئے۔  میڈل حاصل کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھا کہ لبرٹی ایوارڈ حاصل کرکے فخر محسوس کر رہی ہوں جس کے حصول کے بعد تعلیم کے فروغ اور بچوں کے حقوق کے لئے جاری مہم کو مزید تیز کرنے کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
ملالہ نے انعامی رقم پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لئے وقف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم بہترین ہتھیار ہے جس کے ذریعے غربت، جہالت اور دہشتگردی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ ہتھیاروں کے بجائے تعلیم پر رقم خرچ کریں جس میں بچوں کا مستقبل پوشیدہ ہے۔ اس موقع پر این سی سی کے چیئرمین جیب بش کا کہنا تھا کہ ملالہ یوسفزئی کی آزادی اور برابری کے لئے جاری لڑائی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ایسی رہنما ہیں جو تعلیم کے لئے مخلص ہیں اور تمام نوجوانوں کو ملالہ کے نقش قدم پر چل کر اسٹیٹس کو کے خاتمے اور دنیا بھر میں تبدیلی کے لئے کوششیں کرنی چاہیئے۔
واضح رہے کہ این سی سی کی جانب سے ” لبرٹی میڈل ” ایسے افراد کو دیا جاتا ہے جن کی خدمات عام فرد کے لئے ہوں جبکہ ملالہ یوسفزئی سے قبل یہ میڈل سابق امریکی صدور ایچ ڈبلیو بش، بل کلنٹن کے علاوہ نیلسن منڈیلا، شیمون پریس، کوفی عنان اور بونو کو دیا جاچکا ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *