پاکستان

عمران خان کی پارٹی ورکرز کو رانا ثنااللہ کےخلاف مقدمات درج کرانے کی ہدایت

Share

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اپنی پارٹی کے کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے خلاف ملک بھر میں انہیں جان کی دھمکی دینے پر ایف آئی آر درج کرائیں۔

 رپورٹ کے مطابق عمران خان نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے صدر کاظم خان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’رانا (ثنا اللہ) وزیر داخلہ سے زیادہ دہشت گرد ہے اور میری جان کو دھمکیاں دینے پر اس بزدل کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔‘

پی ٹی آئی کے سربراہ نے وزیر داخلہ کے حالیہ ریمارکس کہ ’ہم میں سے صرف ایک‘ ہی رہے گا، پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے الفاظ بے معنی نہیں تھے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ (رانا ثنا اللہ) میرے سیاسی یا جسمانی خاتمے کے لیے میدان تیار کر رہے ہیں کیونکہ وہ کلیدی کھلاڑی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر داخلہ ان تین کرداروں میں سے ایک ہے، جو میری سیاسی اور جسمانی زندگی کے پیچھے پڑے ہیں، میں نے پہلے ہی دوسرے دو (وزیراعظم شہباز شریف اور انٹیلی جنس سیٹ اپ کے ایک اعلیٰ عہدے دار) کا نام لیا تھا اور وزیر داخلہ تیسرے کردار کے طور پر شامل ہیں جو اب (ذہنی طور پر) لوگوں کو حالات کے لیے تیار کر رہے ہیں۔

بعد میں ایک ٹیلی ویژن خطاب میں سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اگر انتخابات 30 اپریل سے ایک دن کے لیے بھی ملتوی ہوتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ملک میں کوئی آئین یا قانون نہیں ہے اور ان کی پارٹی ایسے کسی بھی اقدام کی مزاحمت کرے گی۔

عمران خان نے کہا کہ میں نے پی ٹی آئی کے امیدواروں سے کہا ہے کہ وہ انتخابات کے لیے اپنی مہم جاری رکھیں گویا 30 اپریل کو انتخابات ہونے جارہے ہیں۔

انہوں نے ایک کثیر الجماعتی کانفرنس (ایم پی سی)میں انتخابات کے طریقہ کار اور تاریخ پر تبادلہ خیال کے لیے بلائے جانے پر اپنی شرکت کے لیے رضامندی کا اعادہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں کسی کے ساتھ بھی بیٹھنے کو تیار ہوں اور ان تمام لوگوں کے ساتھ جو آئین کے اندر رہتے ہوئے الیکشن کرانے کے لیے تیار ہیں۔‘

پی ٹی آئی چیئرمین نے متنبہ کیا کہ ’نیوٹرلز‘ نے ’چوروں‘ کی پشت پناہی بند نہ کی تو واقعات تیزی سے ہر کسی کے ہاتھ سے نکل جائیں گے اور ریاست اور معاشرے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا، لہٰذا فوری طور پر اصلاح کی طرف جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ’خود ساختہ نیوٹرلز‘ نہ صرف پی ڈی ایم حکومت کی مدد بلکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی کر رہے ہیں، جب نامعلوم افراد نوجوان سیاسی کارکنوں کو اٹھاتے ہیں تو نوجوانوں کو کس قسم کا پیغام دیا جا رہا ہے؟ خدا کے لیے اپنا راستہ درست کر لیں اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ’میں اب تک صبر کی تلقین کرتا رہا ہوں اور پارٹی کارکن سن رہے تھے، تاہم صورتحال پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے اور چیزیں ہاتھ سے نکلنے کا خطرہ دن بدن بڑھتا جا رہا ہے، پیچھے ہٹیں اور لوگوں کے جذبات کو سمجھیں‘۔