فیچرز

ٹانگوں سے محروم 90 سالہ شخص کی کامیاب اسکائی ڈائیونگ

Share

برکلے، کیلیفورنیا: امریکا میں دونوں ٹانگوں سے محروم 90 سالہ شخص نے ہوائی جہاز سے چھلانگ لگا کر دنیا کو حیران کردیا، اپنی عمر کے 90 سال پورے ہونے پر انہوں نے 13 ہزار فٹ کی بلندی سے جست بھری اور کامیابی سے زمین پر اترے۔

اسٹین رورر ایک عرصے تک ریاضی اور طبعیات پڑھاتے رہے اور اب ریٹائرڈ زندگی گزار رہے ہیں۔ ان کی بیٹی نے ایک روز ان سے کہا کہ وہ بھی ہمت کریں اور ان کے ساتھ ہوائی جہاز سے اسکائی ڈائیونگ کریں۔ اس سوال پر غیر متوقع طور پر اسٹین نے فوری ہاں کہہ دی۔

ان کی بیٹی نے کہا کہ انہوں نے والد سے مذاقاً ایسا کہا تھا لیکن وہ اپنی ہمت کی وجہ سے اس خطرناک کام پر آمادہ ہوگئے۔ ان کی بیٹی کے مطابق اب بھی وہ ٹینس کے بہترین کھلاڑی ہیں اور 80 کی دہائی میں خون کے لوتھڑوں کی وجہ سے دونوں ٹانگوں سے محروم ہوچکے ہیں۔

اس سے قبل وہ موٹرسائیکل کے بہترین ڈرائیور رہے ہیں اور اب وہیل چیئر پر ٹینس کھیل کر نوجوانوں کو بھی شکست دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسٹین چھوٹی کشتی کے ذریعے کشتی رانی کے بھی ماہر ہیں۔ یہ کشتی ان کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کی گئی ہے جسے اسٹین بہت مہارت سے آگے بڑھاتے ہیں۔

ان کی بیٹی کے مطابق عمر میں ان کے والد کا حوصلہ بہت بلند ہے اور ان کا عزم کئی لوگوں کے لیے جذبہ ابھارنے کی اہم وجہ بھی ہے۔ اسٹین نے ہزاروں فٹ کی بلندی پر زمین پر اترنے کے بعد اس تجربے کو بہت خوبصورت اور ناقابلِ فراموش قرار دیا ہے۔