کیا بات ہے بھائی صاحب ؟

سوز دل

ajmal shahdin

کیا بات ہے بھائی صاحب ؟
حالات بہت خراب، بھائی صاحب ۔
کیاہوا بھائی صاحب ؟
انسانیت کا قتل ہوا بھائی صاحب ۔
کیوں ہوا بھائی صاحب ؟
شاید ہم انسان نہیں رہے ، بھائی صاحب۔
تو پھریہ ہم کون پھر رہے ہیں اِدھر اُدھر ، بھائی صاحب ؟
شاید حیوان بھائی صاحب ۔
حیوانوں کے بھی کوئی قانون ہوتے ہیں بھائی صاحب ؟
لگتاہے کہ نہیں ، بھائی صاحب۔
انسانوں کے قانون ہوتے ہیں بھائی صاحب ؟
جی بس روندنے کے لیے ، بھائی صاحب۔
یہ آئین کس بلا کا نام ہے بھائی صاحب ؟
’’کاغذ کے چند ٹکڑے ہیں ‘‘، بھائی صاحب ۔
یہ شر پسند کیا ہوتا ہے بھائی صاحب ؟
میں ہوں بھائی صاحب ، آپ ہیں بھائی صاحب ۔
یہ مشتعل لوگ کون ہوتے ہیں ،بھائی صاحب ؟
’’معصوم ، نیک ‘‘خدائی خدمت گار، بھائی صاحب ۔
یہ سڑکوں ، گلیوں میں تشدد کیوں ہوتا ہے بھائی صاحب ؟
ایمان کی حرارت برقرار رکھنے کے لئے بھائی صاحب۔
ایمان تو دل میں نہیں ہوتاکیا ،بھائی صاحب ؟
دلاں دیا ں گلاں کون جانے ہو ، بھائی صاحب ۔
یہ نا معلوم افراد کون ہوتے ہیں بھائی صاحب ؟
آج تک یہی معلوم کر رہے ہیں بھائی صاحب ۔
اور یہ گم شدہ لوگ کیا ہوتے ہیں بھائی صاحب ؟
چپ رہو ، گم گشتہ ہونا ہے کیا بھائی صاحب ؟
اصل میں محب وطن کون لوگ ہیں بھائی صاحب ؟
آئین ، قانون سے ماورالوگ ،بھائی صاحب ۔
کیا وہ کسی اور ملک کے شہری ہیں بھائی صاحب ؟
نہیں جناب اصل حکمران ہیں ہمارے ، بھائی صاحب ۔
یہ بنیادی حقوق کیاہوتے ہیں بھائی صاحب ؟
یہ کچھ بھی نہیں ہوتے بھائی صاحب ۔
تو پھر انصاف کس چیز کا نام ہے بھائی صاحب ؟
جو بھی تحریکِ انصاف کہے ، وہی بھائی صاحب ۔
ایساکیوں ہے بھائی صاحب ؟
’’انصاف ‘‘کا ٹریڈ مارک ہے نا اس کے پاس ، بھائی صاحب ۔
یہ عمران خان چاہتا کیا ہے بھائی صاحب ؟
احتجاج ، احتجاج ، احتجاج ، بھائی صاحب ۔
عدالتیں واقعی اس سے ڈرتی ہیں کیا بھائی صاحب ؟
ارے نہیں ، نہیں ،بس لحاظ کرتی ہیں بھائی صاحب ۔
پانامہ کا کیا بنے گا بھائی صاحب ؟
مرزا یار کے لئے گلیاں سنجی نہیں ہوں گی بھائی صاحب۔
پھر ان اینکرز کا کاروبار ، بھائی صاحب ؟
چلتا رہے گا ، بھائی صاحب ۔
چاہے لاشیں گرتی رہیں بھائی صاحب ؟
چاہے لاشیں گرتی رہیں بھائی صاحب ۔
ہم یہ منظر یوں ہی دیکھتے رہیں گے ، بھائی صاحب ؟
آہ، سچ کہتے ہوبھائی صاحب ۔
ہوس کی آڑ میں جنونیت چلتی رہے گی ، بھائی صاحب ؟
لگتا تو ایسے ہی ہے بھائی صاحب ۔
قصور کس کا ہے ، بھائی صاحب ؟
قصور آپ کا ہے بھائی صاحب ۔
ہائیں میراقصور کیسے ہوگیا، بھائی صاحب ؟
عام آدمی جو ٹھہرے بھائی صاحب۔
تو پھر کیا وی آئی پی ہوجاؤں ، بھائی صاحب ؟
دل رکھنے کویہ خیال اچھا ہے بھائی صاحب۔
پھر کیا کہوں ، بھائی صاحب ؟
چپ رہو، بھائی صاحب ۔
بولوں بھی نہ ، بھائی صاحب ؟
آپ کی صحت کے لئے یہ مناسب نہیں ہے، بھائی صاحب
اچھا تو اتنے حالات خراب ہیں بھائی صاحب ؟
جی! حالات بہت خراب بھائی صاحب۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *