ملک بھر میں 9 فوجی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ

asimملک بھر میں 9 فوجی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا جو جلد کام شروع کردیں گی،پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 3،3، سندھ میں 2 جب کہ بلوچستان میں ایک فوجی عدالت قائم کی جائے گی۔
آئی ایس پی آرکی جانب سے جمعے کو جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ضروری قانون سازی کے بعد ملک میں فوجی عدالتوں کے قیام کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے۔بیان کے مطابق پہلے مرحلے میں ملک بھر میں نو فوجی عدالتیں قائم کی جارہی ہیں جن میں سے تین، تین صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا، دو سندھ اور ایک بلوچستان میں قائم ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ عدالتیں جلدکام شروع کردیں گی تاہم آئی ایس پی آرکے بیان میں عدالتوں کے کام شروع کرنے کی حتمی تاریخ نہیں دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ صدر ممنون حسین نے بدھ کو اکیسویں آئینی ترمیم کے بل پر دستخط کیے تھے جسے ایک روز قبل پارلیمان کے دونوں ایوانوں نے منظور کیا تھا۔ آئینی ترمیم کے تحت ملک میں فوجی عدالتوں کے قیام کی منظوری دی گئی تھی۔
دہشت گردی سے متعلق مقدمات کی سماعت کے لیے فوجی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ گزشتہ سال 16 دسمبر کو پشاور کے آرمی  پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد کیا گیا تھا جس میں 100 سے زائد طلبہ اور اساتذہ ہلاک ہوگئے تھے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *