پاکستان علما کونسل کا ڈونلڈ ٹرمپ کی سعودی عرب آمد پر بڑا اعلان!

لاہور -عرب اسلامی امریکی کانفرنس ملت اسلامیہ کے مسائل کے حل کیلئے مثبت سمت قدم ہے ، شام ، عراق ، فلسطین ، کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے عالمی دنیا کو کردار ادا کرنا ہو گا ، امریکی صدر کی سعودی عرب آمد پر تنقید بلا جواز ہے،  ایران ، روس ، بھارت تعلقات پر اعتراض درست نہیں تو امریکہ عرب اسلامی ممالک کے تعلقات پر اعتراض کیوں کیا جا رہا ہے۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، وائس چیئرمین مولانا محمد ایوب صفدر،مولانا عبد الکریم ندیم ،مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا عبد الحق مجاہد، مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا عبد عبد الحمید صابری ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا اسعد زکریا ، حاجی محمد طیب قادری، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا عمر عثمانی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کی سعودی عرب آمد پر تنقید بلا جواز ہے ، سعودی عرب کی قیادت نے مغربی دنیا اور ٹرمپ انتظامیہ کو دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے معاملہ میں واضح طور پر مؤقف اپنانے اور دہشت گردی اور انتہاء پسندی کو کسی مذہب اور مسلک سے نہ جوڑنے پر قائل کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران ، روس ، بھارت تعلقات پر اعتراض درست نہیں تو امریکہ عرب اسلامی ممالک کے تعلقات پر اعتراض کیوں کیا جا رہا ہے ؟۔ انہوں نے کہا کہ عرب اسلامی کانفرنس کا بنیادی مقصد ہی داعش جیسی تحریکوں کے بڑھتے ہوئے اقدامات کو روکنا ہے ،عالمی اسلامی عسکری اتحاد ،عرب اسلامی امریکی کانفرنس اور عالمی اسلامی فکری اتحاد جیسے اقدامات دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف مستقبل میں بہتر نتائج دے سکیں گے ۔ رہنماؤں نے اسرائیلی صحافیوں کو سعودی عرب کے ویزے جاری نہ کرنے پر سعودی قیادت کو خراج تحسین پیشکرتے ہوئے  کہا کہ اسرائیلی صحافیوں کو ٹرمپ انتظامیہ کی درخواست کے باوجود ویزے نہ جاری کرنا سعودی عرب کا مسئلہ فلسطین کے ساتھ واضح یکجہتی کا اظہار اور اصولی مؤقف کی ترجمانی ہے۔پاکستان علما کونسل کے رہنماؤں نے حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب کے شہر ریاض پر میزائل حملہ کی کوشش کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حوثی باغیوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف مسلم امہ اور عالمی دنیا کو فوری اقدامات کرنے چاہئیں :-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *