مائیکروسافٹ کی ایک اور اہم پیش رفت: ونڈوز 10 لانچ

کمپیوٹر ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی مائیکروسافٹ نے اپنا جدید ترین آپریٹنگ سسٹم ونڈوز 10 لانچ کر دیا ہے۔windows10

یہ ونڈوز کے موجودہ کمپیوٹر آپریٹنگ سسٹم ونڈوز 8 کی جگہ لے گا۔

یہ آپریٹنگ سسٹم موبائل فون، ٹیبلٹ، پی سی، ایکس باکس گیمز کنسولز وغیرہ جیسے مختلف قسم کے آلات کے لیے کارآمد ہے اور اسے پہلی بار براہِ راست انٹرنیٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکے گا۔

ونڈوز 10 میں ایک بار پھر سے سٹارٹ مینو واپس آ گیا ہے جو ونڈوز 8 سے ہٹا لیا گیا تھا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ سٹارٹ مینو کی واپسی اور ان سہولتوں کی فراہمی کا مقصد ونڈوز 7 اور ونڈوز 8 کے صارفین کو ہم آہنگی کا احساس دلانا ہے۔

اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں صارفین کی پسندیدہ ایپلیکیشنز کی فہرست کے علاوہ لائیو ٹائلز بھی موجود ہیں اور ٹائلز اور مینوز کو مرضی کے مطابق بڑا چھوٹا کرنے کی سہولت دستیاب ہے۔

اس کے ذریعے تازہ ای میلز، فیس بک میسیجز اور موسم کی پیش گوئیوں کی اپ ڈیٹس سے متعلق ایپلیکیشنز کی جاری کردہ تازہ معلومات فوری طور پر حاصل ہو سکتی ہیں۔

اس آپریٹنگ سسٹم کا رویہ اس بات پر منحصر ہے کہ یہ کس چیز میں استعمال کیا جا رہا ہے۔

اپنے پیش رو آپریٹنگ سسٹم کے برخلاف اس کے صارفین کو ڈیسک ٹاپ موڈ سے ٹچ فوکسڈ موڈ کے متبادل میں منتقل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ونڈوز 8 پر اپنے گذشتہ ورژن سے بہت زیادہ مختلف ہونے کے لیے تنقید ہوئی تھی اور اس وجہ سے بہت سے بڑے ادارے اس سے دور ہی رہے۔

ونڈوز 8 میں ابتدا میں سٹارٹ بٹن نہیں تھا لیکن بعد میں جب اس میں یہ بٹن شامل کیا گیا تو یہ یا تو ٹچ فوکسڈ انٹر فیس پر جاتا تھا یا پھر ماؤس پریس نظام پر جبکہ نئے نظام میں دونوں پر بیک وقت جانا ممکن ہے۔

فوریسٹر کمپنی کے ڈیوڈ جانسن مائیکروسافٹ پر نظر رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’مائیکرو سافٹ کے لیے یہ انتہائی اہم ہے کہ وہ ونڈوز 10 کو درست رکھے۔ ونڈوز 8 ابھی پانچ میں سے صرف ایک کمپنی میں ملازموں کو فراہم کرایا جا رہا ہے۔ ڈیسک ٹاپ استعمال کرنے والی کمپنیوں میں ابھی بھی ونڈوز 7 ہی اصلی معیار ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’دنیا بھر میں پھیلے ٹیکنالوجی کے صارفین کے لیے بہترین اور جدید ترین ٹیکنالوجی فراہم کراتے رہنے کے لیے مائکروسافٹ کو متبادل کی ضرورت تھی اور ونڈوز 10 ان کی بہترین پیشکش ہے۔‘

تازہ سروے کے مطابق مجموعی طور پر پی سی کی دنیا میں صرف 13 فیصد کمپیوٹروں پر ونڈوز 8 سسٹم استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کے برعکس 50 فیصد کمپیوٹروں پر ونڈوز 7 اور 24 فیصد کمپیوٹروں پر ونڈوز ایکس پی استعمال ہو رہی ہے۔

یاد رہے کہ اب مائیکروسافٹ ونڈوز ایکس پی کو سپورٹ نہیں کرتی۔

مسٹر جانسن کا کہنا ہے کہ سٹارٹ مینو کی از سر نو شمولیت سے ونڈوز 10 کی کارکردگی بہتر ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ ’یہ ناگزیر اور اہم ہے۔‘

اس ہفتے کے آخر میں مائکروسافٹ لیپ ٹاپ اور ڈیسک ٹاپ کے لیے اپنے ابتدائی صارفین کو ونڈوز کا ’ٹیکنیکل پریویو‘ فراہم کرے گا۔

امریکہ سے ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے بی بی سی کے نمائندے رچرڈ ٹیلر کا کہنا ہے کہ ’حتمی طور پر ونڈوز 10 کی کامیابی اس کی کارکردگی پر منحصر ہوگی لیکن اتنا ضرور ہے کہ نئی قیادت میں مائیکروسافٹ یہ ظاہر کر رہی ہے کہ وہ لوگوں کی بات سن رہی ہے۔‘

ان کے مطابق ’اگر اسے اینڈروئڈ اور ایپل کی پیش قدمی کو روکنا ہے تو اسے عوام کی بات سننی پڑے گی۔‘

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *