آپ کا روزہ ہے ؟

razia syed

آج ہم نے سوچا ہے کہ آپ کو ایسے افراد کے بارے میں بتایا جائے جن کا خود تو روزہ نہیں ہوتا لیکن فکر ان کو پوری دنیا کی ہے گویا وہ ’’سارے جہاں کا درد ہمارے جگر میں ہے ‘‘ کی عملی تفسیر ہیں ۔ ان کی بہت سی اقسام ہیں لیکن چونکہ ابھی رمضان باقی ہے بالکل اسی طرح کہ جیسے یار زندہ صحبت باقی تو فی الحال کے لئے آپ صرف یہی اقسام ہی پڑھ لیں تو گذارا ہو ہی جائے گا ۔

بڑی بوڑھی خواتین اور مرد حضرات

اس قسم میں زیادہ تر گھر کی تو کیا محلے کی بھی بڑی بوڑھی خواتین شامل ہیں جن کا اپنا تو روزہ نہیں ہوتا لیکن وہ دوسروں کے روزوں کی خوب خبر رکھتی ہیں ، منٹ منٹ بعد کچھ کھانا اور روزے داروں سے ہی پکوانا ان کا دلپسند مشغلہ ہوتا ہے اور اگر انھیں کچھ کہا جائے تو یہ یہی کہتے ہیں کہ ایک مہینہ ہوتا ہے بزرگوں کی خدمت کا اور تم لوگ اسکا ثواب بھی ضائع کر رہے ہو گستاخیاں کر رہے ہو کیونکہ  ہم جو کہتے ہیں وہ پکا کے نہیں دیتے ۔

ڈیجیٹل کھوجے مار

اس میں ایسے کھوجے مار شامل ہیں جو کہ سارا دن موبائل ، ٹی وی اور فلموں پر لگے رہتے ہیں خواہ جوان ہوں یا بوڑھے یہ سارا دن ٹی وی کے سامنے یاترا کرتے رہتے ہیں ، روزہ رکھیں یا نہ رکھیں یہ سحری اور افطاری کی ٹرانسمیشن دیکھنے کے لئے بےتاب ہوتے ہیں ،قابل ذکر یہ بھی ہے کہ یہ افطاری کے لئے کچھ نہیں بناتے لیکن کوکنگ کے پروگرام بھی منہ کے ذائقے کے لئے دیکھتے رہتے ہیں ۔انھوں نے یہ بھی کہنا ہوتا ہے کہ بہو کل یہ والی میٹھی دہی پھلکیاں بنا لینا یا یہ والی کچوری بہت مزے کی تھی افوہ منہ میں پانی ہی آگیا اگر بازار سے ہی دلا دو تو ہم بھی دعائیں دیں گے ۔

بیما ر افراد

یہ افراد زیادہ تر ایسے ہیں جن کا روزہ نہیں ہوتا ، اور یہ بیمار ہوتے ہیں اب ان میں سے تو کوئی جنیوئن بھی ہوتے ہیں لیکن زیادہ تر بناوٹی ہوتے ہیں ، یہ بیمار افراد آپ کو پوری ایک لسٹ بیماریوں کی سنائیں گے اور وہ بھی اس طرح کہ آپ کو ایف اے میں پڑھا ’’ مین ہو واز ہاسپٹل ‘‘ یاد آجاتا ہے اور آپ افسوس سے یہ سوچنے پر مجبور ہو جاتے ہیں کہ واقعی ان کا تو روزہ رکھنا بنتا ہی نہیں ۔

لڑاکو کھوجےمار

یہ روزہ نہ رکھنے والے ایسے افراد ہوتے ہیں جو روزہ بھی نہیں رکھتے اور لڑتے بھی ہیں یہ روزہ میں دروازے پر آنے والے فقیروں کو بھی درس دیتے نظر آتے ہیں کہ بھئی ہٹے کٹے ہو روزہ ہی رکھ لو اور یہ بھی کہتے ہیں کہ بس پتا ہے سب کو کہ رمضان آگیا ہے تو اب تمھارا سیزن ہے ناں اسئلے تم نے آنا ہی ہے کر دو یلغار ہم بے چاروں پر ۔۔

مارکیٹ کھوجے مار

یہ کھوجے مار ایسے ہیں جو افطاری کے وقت اکثر آپ کو بازاروں میں دکھائی دیں گے اور افطاری کی اشیا کی طرف للچائی ہوئی نظروں سے دیکھیں گے اگر یہ صبح کے اوقات میں بازار جائیں گے اور انھیں ظاہر کے بھوک لگی ہو گی اور گھر پر کھانے کو کچھ نہیں ہوگا تو یہ اپنے ساتھ ایک چھوٹے بچے کو بھی رکھیں گے جن پر ابھی روزے فرض نہیں ہوئے ہوں گے یہ ان کو چیزیں دلانے کے بہانے خود ہی کھانے پینے کی اشیا خرید کر کھا لیں گے اور بچہ بے چارا منہ بسورتا رہ جائے گا ۔

آلے دوآلے کھوجے مار

فی الحال یہ کھوجے ماروں کی آخری قسم ہے ان کو آلے دو آلے اس لئے کہا جاتا ہے کہ یہ سارا دن سوئے رہیں گے لیکن جیسے ہی روزہ کھلنے کا وقت ہو گا یہ کچن کے چکر کاٹیں گے ساتھ ہی ساتھ افطاری کی ٹیبل پر روزہ داروں کے گرد گھومیں گے تاکہ روزہ داروں سے بھی پہلے وہ اپنا شکم سیر کرلیں تاہم ان میں کچھ افراد ایسے بھی ہوتے ہیں جو کھاتے کچھ نہیں صرف اور صرف چیزوں کی خوشبو لینا اور ان کی طرف ندیدی نظروں سے دیکھنا ہی ان کا کام ہوتا ہے ، قارئین بس آج کے لئے اتنا ہی ، اب ہمیں یہ تو نہیں معلوم کہ آپ کس قسم کے کھوجے مار ہیں لیکن اپنے بارے میں ہم اتنا ضرور جانتے ہیں کہ ٹیبل پر پڑا ٹھنڈا ٹھنڈا جام شیریں ہمارا منتظر ہے وہ کیا ہے ناں کہ ہمیں گرمی بہت لگتی ہے تو ڈاکٹر نے اٹھارہ گھنٹے کا روزہ رکھنے سے منع کیا ہے کہ کہیں بلڈ پریشر ہی لو نہ ہو جائے ۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *