ریحام کے ساتھ نکاح کی غلط تاریخ بتانے سے کیا کوئی آسمان گر گیا یا ایٹم بم پھٹ گیا؟ عمران خان

khann

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے نا اہلی قبول ہے مگر میں آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کا خاتمہ نہیں چاہتا۔ دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘آن دی فرنٹ’’ میں میزبان کامران شاہد سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم بننے سے پہلے محمد شہباز شریف کو نیب جانا پڑے گا۔ ایک سوال پر عمران خان نے کہا کہ جاوید ہاشمی سے بہت مایوس ہوا ہوں ۔ وہ جھوٹ بول رہے ہیں۔ لیڈر کو سچا اور دیانت دار ہونا چاہیے ۔ جاوید ہاشمی پارٹی ٹکٹ پر پیسے لے رہے تھے ۔ جتنی مایوسی جاوید ہاشمی سے ہوئی کسی اور سے نہیں ہوئی ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ مجھے کیسے ناہل کیا جائے گا۔ اگر کسی وجہ سے نا اہل قرار پا بھی گیا تو ذاتی حیثیت میں ملک کے لئے کام کرتا رہوں گا۔ نااہل ہوا تو پارٹی میں الیکشن کراؤں گا۔ 2008 کے الیکشن میں دو بڑی جماعتوں نے مک مکا کیا ہوا تھا ۔ شریف خاندان نے آف شور کمپنیاں منی لانڈرنگ کے لیے بنائی تھیں۔ انہوں نے سارا پیسہ اقتدار میں بنایا۔ نواز شریف منی لانڈرنگ میں پھنس گئے ۔ کمپنیاں نقصان میں تھیں اور یہ ارب پتی بن گئے ۔ عمران خان نے کہا کہ اقامہ منی لانڈرنگ کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے ۔ منی لانڈرنگ ملک کے لئے کینسر ہے ۔ آصف زرداری، نواز شریف، اسحاق ڈار اور سعید احمد منی لانڈرنگ کرتے ہیں۔ ایک سوال پر عمران خان نے کہا کہ میں وزیر اعظم بننے کے لیے نہیں آیا۔ جب تک زندہ ہوں، کرپشن کے خلاف لڑوں گا۔ یہ ظالم مافیا رہا تو پاکستان نہیں رہے گا ۔ میرا کام جدوجہد کرنا ہے ۔ ن لیگ خود کو شریف خاندان سے الگ کر لے ۔ شریف خاندان عوام کو بھیڑ بکریاں سمجھتا ہے ۔ ن لیگ نواز شریف کے ساتھ کھڑی رہی تو تباہ ہو جائے گی ۔ کیا ن لیگ میں ایک بھی ایماندار شخص نہیں؟ کیا ن لیگ کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے صرف مجرم رہ گئے ہیں؟ کرپٹ آدمی کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے ۔ نیب میں ریفرنس چلا جائے تو مستعفی ہونا پڑتا ہے ۔ مزید 70 افراد کے اقامے نکل آئے ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ ن لیگ نے میری نجی زندگی کو اچھالا تو اس کے لئے بھی تیار ہوں ۔ ن لیگ ذاتی معاملات کو اچھالنے کے سوا کرے گی کیا؟ میں مانتا ہوں میں فرشتہ نہیں مگر میرے ساتھ پیسے کے معاملے پر بات کریں ۔ ریحام خان سے نکاح کی تاریخ غلط بتانے کے الزام پر عمران خان نے کہا کہ ایسا کرنے سے کیا آسمان گر گیا یا ایٹم بم چل گیا ۔ یہ وقت ضائع کرنے کی بات ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ شریفوں نے آصف زرداری کو بچایا ۔ ہم کرپشن کے کیسز کی پیروی کریں گے ۔ نیب سمیت ہر فورم پر جائیں گے ۔ یہ خود ڈاکو ہیں، اس لیے سمجھتے ہیں کہ باقی بھی ان کی طرح چور ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ تنہائی انسان کے لیے اچھی چیز ہے ، انسان تنہائی میں اللہ سے زیادہ قریب ہوتا ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ میرا جینا مرنا پاکستان کے لیے ہے ۔ جو پاکستان کو نقصان پہنچائے گا میں اس کے خلاف کھڑا ہوں گا خواہ اس سے میری دوستی ہو۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *