وزیراعظم عمران خان کا مودی کو خط، پاک بھارت مذاکرات کی بحال پر زور

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندرا مودی کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے پاک بھارت مذاکرات کی دوبارہ بحالی پر زور دیا ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی نے عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارک باد دینے کے لیے تہنیتی خط لکھا تھا۔ جس کے جواب میں وزیر اعظم عمران خان نے بھی بھارتی ہم منصب کو جوابی خط لکھا ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں پاک بھارت تنازعات پر باضابطہ مذاکرات شروع کرنے پر زور دیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ اچھا ہوگا کہ  دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر مل کر بات چیت کریں۔

دوسری جانب بھارتی ویب سائیٹ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کی جانب سے بامعنی مذاکرات پر زور کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے خط بھیجا ہے، جس میں وزیراعظم عمران خان نے دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل حل کریں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنی پہلی تقریر میں کہا تھا کہ اگر بھارت ایک قدم آگے بڑھے گا تو پاکستان 2 قدم بڑھائے گا۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *