اسلام آباد، لاہور سمیت کئی شہروں میں دھرنا مظاہرین کی پکڑ دھکڑ

حکومتی ہدایات پر ملک کے متعدد شہروں میں پولیس نے دھرنا مظاہرین اور تحریک لبیک کے کارکنوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے ہیں۔

اسلام آباد میں وفاقی پولیس نے علی الصبح پانچ سو مظاہرین کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے۔ پولیس نے توڑ پھوڑ میں ملوث 30 افراد کی نشاندہی کرلی ہے جب کہ ضلعی انتظامیہ نے 18 افراد کو جیل بھجوا دیا ہے۔

لاہور میں رات گئے پولیس نے پرتشدد احتجاج کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا اور تحریک لبیک کے زیر حراست کارکنوں کی نشاندہی پر دیگر ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے چھاپے مارے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ فیکٹری ایریا، شمالی چھاؤنی، ڈیفنس، سول لائن، تھانہ کوٹ لکھپت میں نامزد اور سیکڑوں نامعلوم افراد کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ تھانہ سول لائن میں تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف درج ایف آئی آر بھی سیل کردی گئی ہے۔

ادھر شیخوپورہ کی تحصیل شرقپور شریف میں پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پنڈ دادن خان میں بھی تحریک لبیک کے 27 نامزد اور 20 نامعلوم کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *