طلاق کے 2 ماہ بعد ہی کرس پراٹ نے آرنلڈ شوازنیگر کی بیٹی سے منگنی کرلی

جراسک ورلڈ، اوینجر: انفنٹی وار اورگارڈینز آف دی گلیکسی جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار کرس پراٹ نے اپنی پہلی طلاق ہونے کے محض 2 ماہ بعد ہی منگنی کرلی۔

39 سالہ کرس پراٹ اور اداکارہ 41 سالہ اینا فارس کے درمیان 9 نومبر 2018 کو طلاق ہوئی تھی۔

دونوں نے اگست 2017 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی اور دونوں نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا، جس نے ڈیڑھ سال سے زائد عرصے کے بعد ان کی طلاق پر فیصلہ سنایا تھا۔

دونوں کو ایک بچہ بھی ہے، جس کی عمر بہت کم ہے، جس وجہ سے عدالت نے انہیں ہدایت کی تھی کہ دونوں آئندہ پانچ سال تک ایک دوسرے کے قریب رہائش اختیار کریں گے۔

عدالت نے انہیں حکم دیا تھا کہ کہ جب تک ان کا بچہ چھٹی جماعت کا امتحان پاس نہیں کرلیتا، تب تک وہ ایک دوسرے کے قریب رہائش اختیار کریں گے۔

علاوہ ازیں جوڑے کو عدالت نے ہدایت کی تھی کہ اگر کن ناگزیر وجوہات کی بناء پر کسی فریق کو اپنی رہائش تبدیل کرنی پڑے تو وہ دوسرے فریق کو تحریری طور پر کم سے کم 3 ماہ قبل اطلاع دینا کا پابند ہوگا۔

اینا فارس اور کرس پراٹ نے اگست 2017 میں علیحدگی اختیار کی تھی—فوٹو: اے او اے ڈاٹ کام
اینا فارس اور کرس پراٹ نے اگست 2017 میں علیحدگی اختیار کی تھی

ساتھ ہی عدالت نے دونوں کو حکم دیا تھا کہ اگر کسی فریق کو کم سن بچے کو علاقے یا ملک سے باہر لے جانا ہو تو وہ دوسرے فریق کو ایک ماہ قبل تحریری طور پر مطلع کرنے کا پابند ہوگا۔

تاہم اب کرس پراٹ نے طلاق کے محض 2 ماہ بعد ہی ہولی وڈ اداکار، سابق ویٹ لفٹر، سیاستدان، سماجی کارکن اور فلم ساز آرنلڈ شوازنیگر کی خود سے کم عمر بیٹی سے منگنی کرلی۔

کرس پراٹ نے آرنلڈ شوازنیگر کی بیٹی 29 سالہ لکھاری کیتھرین شوازنیگر سے منگنی کی تصدیق اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کی۔

اداکار نے اپنے انسٹاگرام پر کیتھرین شوازنیگر کے ساتھ رومانوی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ وہ اس بات پر بہت خوش ہیں کہ وہ ان سے شادی کرنے جا رہے ہیں۔

تصویر میں کیتھرین شوازنیگر کی انگلی میں منگنی کی انگوٹھی کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

پیپلز میگزین نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کرس پراٹ اور کیتھرین شوازنیگر کے درمیان کافی عرصے سے تعلقات قائم تھے، تاہم اب دونوں نے ان تعلقات کو رشتے میں بدل دیا۔

اگرچہ کرس پراٹ نے منگنی کرلی اور شادی کرنے کا عندیہ بھی دیا، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کب تک شادی کریں گے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ ایک سال کے اندر دونوں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

کیتھرین شوازنیگر نے تاحال اداکاری کی شروعات نہیں کی—فوٹو: انسٹاگرام

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *