فواد خان کی آواز میں ’’پی ایس ایل 4‘‘ کا گانا ناکام قرار

کراچی: سوشل میڈیا صارفین نے نامور پاکستانی گلوکارواداکار فواد خان کی آواز میں جاری ہونے والے پی ایس ایل 4 کے گانے کو ناکام قراردیتے ہوئے مسترد کردیا۔

پی ایس ایل کا شمار پاکستان کے بڑے ایونٹس میں ہوتا ہے اب تک پا کستان سپر لیگ کے تین سیزن کامیابی سے جاری ہوچکے ہیں۔ شائقین کو جتنا انتظار پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن کا رہتا ہے اتنا ہی انتظار پی ایس ایل کے آفیشل سانگ کا ہوتا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے تینوں سیزن کے گانے نامور گلوکار علی ظفر نے گائے تھے جنہوں نے کامیابی حاصل کی، تاہم پی ایس ایل 4 کے آفیشل سانگ ’کھیل دیوانوں کا‘ میں اس بارعلی ظفر کے بجائے فواد خان نے اپنی آواز کا جادو جگایاہے۔ تاہم شائقین کو فواد خان کی آواز میں گانا پسند نہیں آیا اور انہوں نے نئے گانے کو مسترد کردیا۔

سوشل میڈیا پر پی ایس ایل 4 کے نئے گانے کا مذاق اڑاتے ہوئے نہ صرف شائقین کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے بلکہ بعض شائقین کو تو علی ظفر کی یاد بھی ستانے لگی ہے۔ لیو لو پاکستان نامی ٹوئٹر ہینڈل نے پی ایس ایل4 کے نئے گانے کو مکمل ناکام قرار دیتے ہوئے کہا اس بار بھی علی ظفر کی آواز میں گانا ریکارڈ کرنا چاہیے تھا۔

ایک صارف نے غصے میں لکھا پاکستان میں بہت اچھے گلوکار موجود ہیں پی سی بی نے فواد خان کو منتخب کیا اس سے بہتر تو طاہر شاہ کی آواز میں گانا ریکارڈ کرلیتے۔

ایک صارف نے پی ایس ایل فرنچائز کے سب سے مقبول گانے کا موازنہ فواد خان کے گانے سے کرتے ہوئے کہا کوئی بھی گانا علی ظفر کے سانگ’’پھر سیٹی بجے گی، اسٹیج سجے گا‘‘ کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *