صمصام بخاری نے وزیر اطلاعات پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھالیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سید صمصام علی بخاری نے پنجاب کے وزیر اطلاعات کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل فیاض الحسن چوہان نے ہندو برادری کے حوالے سے اپنے متنازع بیان پر اس عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سروس نے صمصام بخاری سے گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ تقریب کے دوران عہدے کا حلف لیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت دیگر اہم صوبائی وزرا بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ صمصام بخاری نے 2015 میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔

وہ 2018 کے عام انتخابات میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 201 (ساہیوال-6) سے منتخب ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز فیاض الحسن چوہان نے ہندو برادری کے حوالے سے دیے گئے بیان پر سوشل میڈیا پر ان کے ساتھی پارٹی رہنماؤں کی جانب سے سخت تنقید کی گئی تھی جس کے بعد ان سے استعفیٰ لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ کے ترجمان نے ڈان نیوز کو ابتدائی طور پر بتایا تھا کہ فیاض الحسن چوہان نے استعفیٰ دے دیا ہے تاہم بعد ازاں تحریک انصاف نے وضاحت کی کہ ان کو نکال دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی مذہب کی تذلیل کو بیانیے کا حصہ نہیں ہونا چاہیے‘۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *