ہالینڈ میں میٹرو ٹرین پر فائرنگ، ایک ہلاک اور متعدد زخمی

ایمسٹر ڈیم: ہالینڈ کے وسطی شہر یوٹریکٹ میں مسافر ٹرام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ہالینڈ کے وسطی شہر میں مسافروں کو لے جانے والی ٹرام پر نامعلوم شخص نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص کی ہلاکت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

پولیس نے عینی شاہد کے حوالے سے بتایا ہے کہ ٹرام پر نامعلوم شخص نے فائرنگ کی اور کار میں فرار ہوگیا، جس کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ واقعہ میں دہشت گردی کا عنصر خارج از امکان نہیں۔ فائرنگ کے واقعے میں جانی یا مالی نقصان سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے ٹرام اسٹیشن کا گھیراؤ کرلیا، جب کہ ریسکیو ٹیم کو بھی جائے وقوعہ پر روانہ کردیا گیا ہے،ریسکیو ٹیم میں طبی سہولیات سے لیس 3 ہیلی کاپٹر بھی شامل ہیں۔ قریبی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ٹرام اسٹیشن کے اطراف رہنے والے افراد کو گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال لایا گیا ہے۔ مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *