’’ہم سے نہ الجھنا‘‘؛ میکال ذوالفقار کی بھارت کو وارننگ

کراچی: نامور پاکستانی اداکار میکال ذوالفقار نے بھارت اور بالی ووڈ کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سے نہ الجھنا۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کے صف اول کے اداکار میکال ذوالفقارکی حب الوطنی کے جذبہ سے بھرپور فلم’’شیر دل‘‘ 22 مارچ کو ملک بھر میں ریلیز ہورہی ہے۔ فلم میں میکال ذوالفقار ایئرفورس پائلٹ کاکردار نبھاتے نظر آئیں گے۔ حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران میکال ذوالفقار نے اپنی فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فلم کی کہانی پاک بھارت موضوع کے گرد گھومتی ہے تاہم یہ فلم دوسری فلموں سے قدرے مختلف ہے اس میں پاک بھارت موضوع کو نہایت سمجھداری کے ساتھ فلمایا گیا ہے جب کہ بالی ووڈ میں ہمیشہ پاک بھارت موضوع پرمبنی فلموں میں پاکستان کے خلاف نفرت دکھائی جاتی ہے۔

اس کے ساتھ ہی میکال ذوالفقار نے بھارت اوربالی ووڈ کو پیغام بھی دیا جس میں وارننگ بھی شامل تھی میکال نے کہا میں بھارت کو کہنا چاہتاہوں کہ دوسروں کے لیے کبھی بھی غلط الفاظ استعمال نہ کرو، یہ ضروری نہیں ہے کہ آپ اپنی فلموں میں دوسروں کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کریں یا اس کو ہمیشہ منفی انداز میں پیش کریں۔ جب کہ ہم نے اپنی فلم میں پاک بھارت تعلقات کو اس طرح پیش کیا ہے کہ دونوں ممالک کا وقار قائم رہے جسے دیکھ کر بھارت کو بھی تعجب ہوگا۔

میکال ذوالفقار نےکہا پاک فضائیہ کی جانب سے میں دوسرا پیغام بھارت کو یہ دینا چاہتاہوں کہ ہم ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، ہم کہیں نہیں جارہے اور وقت آگیا ہے کہ وہ لوگ یہ حقیقت قبول کرلیں۔ ہم جارحیت پسند نہیں ہیں لیکن ہم اپنا دفاع کرناجانتے ہیں لہٰذا ’’ہم سے نہیں الجھنا‘‘۔

واضح رہے کہ پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتی اور حب الوطنی کے جذبے سے بھرپور فلم ’’شیردل‘‘ 22 مارچ کو پورے پاکستان میں ریلیز کی جائے گی، فلم میں میکال ذوالفقار کے علاوہ اداکارہ ارمینا خان اور حسن نیازی اہم کرداروں میں نظرآئیں گے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *