گرانے کی باتیں جانے دو

پاکستان کی سیاسی اور حکمرانوں کی تاریخ مجموعی طور پر کج رویوں سے عبارت ہے۔حکومت بنتے ہی گرانے کی باتیں شروع کردی جاتی ہیں۔جس کا صاف مطلب ہے کہ سیاسی جماعتوں کو عوام کے مسائل اور ملک کی ترقی اور استحکام سے کوئی واسطہ نہیں ہے محض اقتدار سے غرض ہے۔پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی تاریخ اس امر کی گواہ ہے کہ سیاست کے نام ہرکھلواڑ جاری رہا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ملک میں بار بار مارشل لالگتے رہے ہیں ۔ملک ترقی کی بجائے تنزلی کی طرف بڑھتا رہا ہے۔ملکی صورتحال آج اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ کاروبار مملکت چلانے کیلئے ایک ایک پائی مانگناپڑ رہی ہے۔ اس کے باوجود سیاستدان ایک دوسرے کو گرانے پر کمربستہ ہیں۔ماضی سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا ہے۔عمران خان حکومت کوبنے ابھی سال بھی نہیں ہے ۔فضل رحمان تو پہلے دن سے ہی حکومت گرانے نکل پڑے تھے۔پیپلزپارٹی نے بھی نعرہ لگادیا ہے۔ اپوزیشن کا کام کیا حکومت گرانا ہی ہوتا ہے ۔دنیا کے جمہوری ممالک میں کیا اپوزیشن حکومت گرانے پر ہی کمربستہ رہتی ہے۔ ہمسایہ ملک بھارت میں بھی کیا جوپارٹی اقتدار میں نہیں ہوتی وہ حکومت کے خلاف شازشوں میں مصروف رہتی ہے۔ایسا ہرگز نہیں ہوتا ہے۔مہذب اور حقیقی سیاستدان اپوزیشن میں رہتے ہوئے ملکی اور عوامی مفادت کا تحفظ کرتے ہیں۔حکومت پر انتخابی وعدے پورے کرنے کیلئے دباؤ بڑھاتے ہیں۔اگر حکومت عوامی مفاد میں کام نہ کررہی ہو تو اپوزیشن پارلیمان میں ملکی ترقی اور عوام مسائل کے حل کے بل لیکر آتے ہیں اور پاس کراتے ہیں۔مگر اقتدار کے بچاری سیاستدان صرف ذاتی مفاد کی جنگ کرتے ہیں۔عمران خان حکومت جس طرح مشکلات کا شکار ہے۔اپوزیشن کو ملکی اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کا ساتھ دینے کی اشد ضرورت ہے۔بصورت دیگر اپوزیشن کا حکومت کے خلاف احتجاج ملک کیلئے سود مند ثابت ہوگا اور نہ ہی کوئی عوام کو فائدہ پہنچے گا بلکہ حالات مزید خراب ہونگے۔جس طرح اسلامی صداراتی نظام کے بارے میں باتیں ہورہی ہیں ۔یہ باتیں عملی شکل اختیار کرسکتی ہیں۔سیاسی جماعتوں کو اس موقع پر حکمت سے کام لینے کی ضرورت ہے۔اگر سیاسی جماعتوں نے اپنی سابقہ روش برقرار رکھی تو عین ممکن ہے جمہوریت کی بساط الٹ دی جائے ۔ اس وقت جہوریت کا دفاع کیا جائے ۔موقع پرستوں کو ئی موقع نہ دیا جائے ۔ وہ کہہ سکیں کہ سیاستدان ملک اور جمہوریت چلانے کی اہلیت نہیں رکھتے ہیں۔اس امر سے کوئی انکار نہیں ہے کہ سیاستدان اس وقت سیاسی بصیرت کا مظاہرہ نہیں کر رہے ہیں۔دانستہ یا نادانستہ اپنے سیاسی عمل سے اس بات کو تقویت دے رہے ہیں کہ ملک میں قیادت کا بحران ہے۔کوئی بھی سیاستدان اس قابل نہیں ہے ۔جس کے پاس ملکی مسائل حال کرنے کی صلا حیت ہے۔آصف زرداری ،بلاول،فض الرحمان اور لیگی قیادت کو چھوٹی جماعتوں سے ملکر قومی ایجنڈا تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے تشکیل کردہ ایجنڈا پارلیمان میں پیش کیا جائے اور عملدآمد کیلئے حکومت کو مجبور کریں ۔اک صحت مند اور ملکی ترقی کا بحث کا آغازہوگا۔ ملکی سیاسی فضا میں انتہا پسندی اور غیرجمہوری آلودگی ختم ہوگی۔اسلامی صداراتی نظام سے بھی اسی طور بچا جا سکتا ہے کہ سیاسی عمل کو فروغ دیا جائے اور سیاسی حکمت عملی سے کام لیا جائے ۔اگر حکومت گرانے کے لئے سٹرکوں کا رخ کیا گیا تو پھر جمہوریت ڈی ریل ہوگی اور صداراتی نظام کی راہ ہموار ہوگی۔ باخبر سیاسی کارکن اس امر سے بخوبی آگاہ کہ غیرجمہوری عناصر جمہوری روایات اور جمہوری نظام سے خائف ہیں ۔ادھار کھائے بیٹھے ہیں کہ جمہوریت کی بساط پلٹی جائے۔اب یہ جمہوری لوگوں کا فریضہ ہے کہ وہ جمہوریت کا تحفظ کریں اور کوئی موقع ایسا نہ دیں ۔جس سے جمہوریت کیخلاف آواز پیدا ہو۔اس لئے جمہوریت کی بقا اور استحکام کی خاطر گرانے کی باتیں جانے دو۔جمہوریت کو پنپنے دو۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *