فیروز والا کے قریب القاعدہ کے چار مبینہ دہشت گرد مارے گئے

Terroristضلع شیخوپورہ میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی کی ایلیٹ فورس نے القاعدہ سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔ تحصیل فیروز والا کے ڈی ایس پی احسان کھوکھر نے بتایا کہ اتوار کی شب محکمہ انسدادِ دہشت گردی کی ایلیٹ فورس نے دہشت گردوں کی موجودگی کے متعلق خفیہ اطلاعات موصول ہونے پر رحمان گارڈن میں واقع ایک گھر پر چھاپہ مارا۔ انھوں نے بتایا کہ ’’وہاں موجود ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا جبکہ دیگر تین دہشت گرد پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئے۔‘‘ پولیس حکام کے مطابق ایلیٹ فورس کی اس کارروائی میں کوئی سکیورٹی اہلکار زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔ محکمہ انسدادِ دہشت گردی کے سربراہ معروف واہلہ نے صحافیوں کو بتایا کہ انھیں اطلاع ملی تھی کہ القاعدہ سے تعلق رکھنے والے کچھ افراد لاہور شہر میں بڑے پیمانے پر شدت پسندی کی کارروائیاں کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اس اطلاع پر مذکورہ جگہ پر چھاپہ مارا گیا۔ ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ میں مبینہ تین دہشت گرد موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ ایک خودکش حملہ آور نے مکان سے باہر خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا۔ معروف واہلہ کے مطابق پولیس کو جائے وقوعہ سے تین خودکش جیکٹیں اور دو عدد لیپ ٹاپ بھی ملے ہیں جن سے ڈیٹا اکٹھا کر کے تفتیش کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔ اس سے پہلے پولیس نے القاعدہ کے لیے رقوم اکٹھا کرنے کے الزام میں ایک ملزم شیخ حسن ظہیر کو لاہور سے گرفتار کیا تھا۔ ملزم پیشے کے لحاظ سے انجینئر ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم شیخ حسن ظہیر کے اسامہ بن لادن سے بھی قریبی تعلقات رہے ہیں۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *