ہیڈلائن

پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 11155 ہوگئی، 2500 سے زائد صحتیاب

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے اور مزید نئے کیسز کے بعد یہ تعداد 11 ہزار 155 تک پہنچ چکی ہے جبکہ اس وائرس سے اب تک 237 افراد انتقال بھی کرچکے ہیں۔

26 فروری سے پاکستان میں آنے والا یہ وائرس ابتدا کے ایک ماہ میں اتنا تیزی سے نہیں پھیلا تھا تاہم اس کے بعد سے آج تک اس وائرس کے کیسز میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کو تقریباً 2 ماہ کا عرصہ ہوگیا ہے اور اس دوران حکومت کی جانب سے مختلف اقدامات بھی اٹھائے گئے اور کہیں پابندیاں تو کہیں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا۔

ان پابندیوں اور لاک ڈاؤن کا مقصد لوگوں کو گھروں تک محدود کرکے اس وائرس سے محفوظ رکھنا تھا تاہم اس کے باوجود ملک میں کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔‎

جہاں ایک طرف کورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے وہی دوسری طرف ماہ مقدس رمضان المبارک کا بھی 25 اپریل سے آغاز ہورہا ہے اور اس ماہ کی مناسبت سے مساجد میں باجماعت نماز سے متعلق ایک طریقہ کار بھی بنایا گیا، جس کے بارے میں ڈاکٹرز نے درخواست کی کہ اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔

سندھ اور پنجاب کے ڈاکٹرز نے خبردار کیا کہ آئندہ آنے والا ماہ یعنی مئی اس وائرس کے لیے بہت خطرناک ہوسکتا ہے۔

ڈاکٹرز نے کہا کہ حکومت اور علما کو مساجد میں باجماعت نماز سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے، ساتھ ہی انہوں نے اس وقت سخت لاک ڈاؤن کی ضرورت پر زور دیا۔

اس تمام صورتحال کے ساتھ ہی ملک میں آج (24 اپریل) کو کورونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آئے۔

گلگت بلتستان

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں مزید 10 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ان 10 کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں متاثرین کی تعداد 290 سے بڑھ کر 300 تک جا پہنچی ہے۔

تاہم ملک میں موجود ان ہزاروں متاثرین کے لیے جو چیز ایک اُمید کی کرن ہے وہ کورونا وائرس سے لوگوں کا صحتیاب ہونا ہے۔

صحتیاب افراد

جس طرح روزانہ کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اسی طرح صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 190 افراد صحتیاب ہوگئے۔

جس کے بعد ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد 2337 سے بڑھ کر 2527 تک پہنچ چکی ہے۔

مجموعی صورتحال

علاوہ ازیں ملک میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی صورتحال پر ایک نظر ڈالیں تو پنجاب میں سب سے زیادہ 4767 کیسز ہیں۔

اس کے بعد سندھ میں 3671 اور خیبرپختونخوا میں 1541 مریض ہیں۔

وہیں بلوچستان میں 607 افراد وائرس کا شکار ہوئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں یہ تعداد 214 تک پہنچ چکی ہے۔

گلگت بلتستان میں اب تک 300 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں یہ تعداد سب سے کم ہے اور وہاں 55 متاثرین ہیں۔

اموات میں سب سے زیادہ تعداد خیبرپختونخوا میں دیکھی گئی ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 85
  • سندھ: 73
  • پنجاب: 65
  • بلوچستان: 8
  • گلگت بلتستان: 3
  • اسلام آباد: 3
  • آزاد کشمیر کوئی نہیں