پاکستان

یوم مزدور کے موقع پر صدر و وزیراعظم کا کورونا سے متاثرہ افراد سے اظہار یکجہتی

Share

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج (یکم مئی کو) محنت کشوں کی عظمت کے اعتراف اور ان سے یکجہتی کے اظہار کا عالمی دن ‘یوم مزدور’ منایا جارہا ہے۔

یہ دن یکم مئی 1886 کو شکاگو میں محنت کشوں کی جانب سے اوقات کار 8 گھنٹے مقرر کرنے کے لیے چلائی جانے والی تحریک کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کی پہلی لیبر پالیسی 1972 میں تشکیل دی گئی تھی جس میں یکم مئی کو سرکاری تعطیل قرار دیا گیا تھا۔

آج بھی ملک میں عام تعطیل ہے لیکن اس مرتبہ دنیا بھر کو متاثر کرنے والی عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث یوم مزدور گزشتہ برسوں سے کافی مختلف ہے۔تحریر جاری ہے‎

کورونا وائرس کے باعث جہاں انسانی صحت کو خطرات لاحق ہیں وہیں اس عالمی وبا سے بچاؤ کے لیے نافذ کیے گئے لاک ڈاؤنز اور بندشوں نے مزدور طبقے کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔

اب تک ملک میں ہزاروں مزدوروں بیروزگاری کا سامنا کررہے ہیں جبکہ کورونا وائرس کے سبب ملک میں لاکھوں افراد کے بیروزگار ہونے کا خدشہ بھی ہے۔

یوں تو ہر سال یوم مزدور پر ملک بھر میں محنت کشوں کی تنظیموں کی جانب سے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی پروگرامز منعقد کیے جاتے ہیں اور ریلیاں بھی نکالی جاتی ہیں تاہم کورونا وبا کی وجہ سے ملک میں کسی بھی قسم کی ریلی اور اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔

محنت کشوں کے عالمی دن پر وزیراعظم عمران خان اور صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی اپنے خصوصی پیغامات میں مزدوروں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔

دونوں رہنماؤں نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے محنت کشوں کے حقوق کو تحفظ دینے سے متعلق حکومتی عزم کا اعادہ بھی کیا۔

لاک ڈاؤن کے باعث مزدوروں کو درپیش مشکلات کا ادراک ہے، صدر مملکت

یوم مزدور کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں محنت کشوں کو بنیادی حقوق کے لیے جرات مندانہ اور قابل تعریف جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا۔

سرکاری خبررساں ایجنسی ‘اے پی پی’ کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ دن نہ صرف محنت کشوں کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے بلکہ قومی ترقی اور خوشحالی میں ان کے کردار کے اعتراف کی عکاسی بھی کرتا ہے۔

صدر نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث عالمی معیشت متاثر ہورہی ہے جس سے مزدور طبقے پر تباہ کن اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاکھوں افراد بیروزگار ہوچکے ہیں، تاہم حکومت پاکستان کو لاک ڈاؤن کے باعث مزدوروں کو درپیش مشکلات کا ادراک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں غریبوں اور مستحق افراد کی امداد کے لیے احساس ایمرجنسی کیش ریلیف پروگرام شروع کیا گیا ہے۔

حکومت محنت کشوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے، وزیراعظم

ادھر وزیراعظم عمران خان نے یوم مزدور کے موقع پر جاری پیغام میں محنت کشوں کے معیارِ زندگی میں بہتری، رہائش، تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے ذریعے ان کی اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے حکومتی عزم کا اظہار کیا۔

اے پی پی کی ایک اور رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے مذہب نے بھی سماجی انصاف اور لوگوں کے حقوق کے احترام پر زور دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ نے نہ صرف آبادی کی صحت پر سنگین اثرات مرتب کیے ہیں بلکہ صنعتوں اور فیکٹریوں کی بندش کے براہ راست اثرات پڑنے سے مزدور پہلے سے زیادہ غیر محفوظ ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور کورونا وائرس کی عالمی وبا سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، حکومت نے ان کے لیے مالیاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے اور مزدورں کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی اقتصادی ترقی میں مزدورں کے کردار کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اس لیے محنت کشوں سمیت معاشرے کے تمام طبقات تک اقتصادی ترقی کے ثمرات پہنچانے کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

دلی رنج ہے کہ حکومت مزدوروں کو ریلیف فراہم نہیں کرسکی،شہباز شریف

علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے یکم مئی پر محنت کشوں، مزدوروں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ محنت کش کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور وہی دنیا کو سنوارتے ہیں۔

شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس سال یکم مئی کورونا وائرس کے معاشی زوال کے دور میں آیا ہے، کورونا اور معاشی بربادی کا سب سے زیادہ بوجھ مزدور، محنت کش برداشت کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دلی رنج ہے کہ حکومت مزدور،یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کو امداد، ریلیف اور راشن نہیں پہنچاسکی۔

شہباز شریف نے کہا کہ دنیا میں آجر اور اجیر کے درمیان وسائل اور حقوق کی تقسیم کا توازن آج بھی ٹھیک نہیں، آج بھی مزدور کا استحصال جاری ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہر خاندان، محلہ، علاقہ اپنے قریب موجود مزدور، محنت کش اور مستحق افراد کی مدد کریں۔

مزدورں کے روزگار کو بحال کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھارہے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی

علاوہ ازیں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے خصوصی پیغام میں کہا کہ یوم مئی ہمیں محنت کش طبقے کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جو ملکی تعمیر و ترقی میں اہم ستون کی اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستانی مزدور کمیونٹی کے کردار، صلاحیتوں، کام سے لگاؤ، ملک کی خوشحالی اور ترقی پسند قوم کے عزم کی علامت ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ حالیہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے محنت کش اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے طبقے کو جو نقصان پہنچا ہے حکومت کو اس کا پورا ادراک ہے، موجودہ حکومت اس مشکل وقت میں اپنے مزدور بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے روزگار کو بحال کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھارہی ہے۔

ہر قیمت پر مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم مئی پوری دنیا میں مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ یوم مئی کورونا وائرس جیسی عالمی وبا اور اس کے نتیجے میں نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن کے دوران آیا ہے جس کے باعث سب سے زیادہ مزدور طبقہ متاثر ہوا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ مزدورں کے حقوق کی بات کی ہے اور مزدورں کو حقوق دیے ہیں، ہم یوم مئی کے موقع پر ایک بار پھر اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم حکومتی سطح پر مزدوروں کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مزدوروں کے لیے رہائشی منصوبوں، کارخانوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کو تمام تر طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور مزید مزدور دوست اقدامات کیے جائیں گے۔

کورونا کے باعث مشکلات کا شکار مزدوروں کے ساتھ ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

مزید برآں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے یوم مزدور کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ یکم مئی کا دن پاکستان کے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کے نام کرتے ہیں جو کورونا وائرس کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔