ہیڈلائن

پاکستان میں نئے کیسز سے متاثرین 23 ہزار 693، صحتیاب افراد کی تعداد 6464 ہوگئی

Share

دنیا بھر میں پھیلنے والے کورونا وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑدیے ہیں اور یہاں متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

اب تک ملک میں مجموعی طور پر 23 ہزار 693 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 545 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

26 فروری کو ملک میں پہلا کورونا وائرس کا کیس رپورٹ ہوا تو ساتھ ہی تعلیمی اداروں کی بندش سمیت مختلف اقدامات اٹھائے گئے جو بعد ازاں لاک ڈاؤن کی صورت میں تبدیل کردیے۔

تاہم اس کے باوجود ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم نہیں ہوا اور مارچ اور اپریل کے مقابلے میں رواں ماہ کے آغاز سے ہی ایک نئی لہر دیکھنے میں آرہی ہے۔‎

اگرچہ فروری کے آخر اور مارچ کے مہینے میں ملک میں کیسز کی تعداد 2 ہزار تھی لیکن اپریل کے آخر تک یہی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی تھی۔

تاہم مئی کے آغاز سے ہی یومیہ تقریباً 1000 سے زائد کیسز اور 20 سے زائد اموات دیکھنے میں آرہی ہیں۔

گزشتہ روز بھی اب تک کے سب سے زیادہ 1432 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ایک روز میں 31 اموات بھی ہوئیں۔

آج (7 مئی) کو بھی ملک میں نئے کیسز کی تصدیق کی گئی جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 36 کیسز رپورٹ ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں کورونا وائرس کے ان نئے مریضوں کے بعد متاثرین 485 سے بڑھ کر 521 تک پہنچ گئے ہیں۔

یہاں یہ بھی مدنظر رہے کہ اسلام آباد میں کیسز میں اچانک اضافے کے بعد سیکٹر آئی-10 کے 2 رہائشی علاقوں اور ایک نجی ٹی وی چینل کے دفتر کو بھی سیل کردیا تھا۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان میں بھی کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں مزید 2 افراد اس وائرس کا شکار ہوئے۔

جس کے بعد وہاں کورونا وبا کے متاثرہ افراد کی تعداد 386 سے بڑھ کر 388 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم اس کیسز میں اضافے کے باوجود متاثرین کے لیے ایک امید کی کرن لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا بھی ہے۔

اگرچہ مریضوں کی تعداد میں سیکڑوں میں اضافہ ہورہا ہے لیکن صحتیاب افراد کی تعداد بھی اسی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 247 افراد کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔

جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر اس وبا سے شفا پانے والوں کی تعداد 6217 سے بڑھ کر 6464 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

علاوہ ازیں اگر ملک کی مجموعی صورتحال پر ایک نظر ڈالیں تو اس وقت 23693 لوگوں میں وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے جس میں سے 6464 صحتیاب ہوگئے ہیں جبکہ 545 کا انتقال ہوا ہے، اس طرح اب تک ملک میں کورونا وائرس کے فعال کیسز 16684 ہیں۔

پنجاب میں اس وقت 8693تک ، سندھ میں 8640 لوگ وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں یہ تعداد 3712 جبکہ بلوچستان میں 1663 ہے۔

اسی طرح اسلام آباد میں 521، گلگت بلتستان میں 388 اور آزاد کشمیر میں سب سے کم 76 لوگ اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

اموات کے حساب سے سب سے زیادہ متاثر خیبرپختونخوا ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 203
  • سندھ: 157
  • پنجاب: 156
  • بلوچستان: 22
  • اسلام آباد: 04
  • گلگت بلتستان: 03
  • آزاد کشمیر: کوئی نہیں