دنیابھرسے

ویٹیکن کی جائیداد کی خریداری میں غبن پر کاروباری شخص گرفتار

Share

ویٹیکن سٹی کی پولیس نے ایک اطالوی کاروباری شخصیت کو گرفتار کر لیا ہے جنھوں نے ایک متنازع معاہدے کے ذریعے ویٹیکن کو لندن میں مہنگی جائیداد خریدنے میں مدد کی تھی۔

جالویجی ٹورزی پر 20 کروڑ ڈالر کی مالیت کی جائیداد کی خریداری کے دوران غبن، بھتہ خوری، فراڈ اور منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔

جالویجی کو گرفتاری کے بعد ویٹیکن پولیس کی بیرکوں میں رکھا گیا ہے اور اگر ان پر جرم ثابت ہو گیا تو انھیں 12 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

2018 میں لندن کے مہنگے علاقے چیلسی میں خریدی جانے والے جائیداد کے بارے میں تحقیقات ابھی جاری ہیں۔

ویٹیکن کے سفارتی اور سیاسی معاملات کے ذمہ دار محکمے سیکرٹیریٹ آف سٹیٹ نے 2018 میں چیلسی کے علاقے سلوین ایونیو پر اپارٹمنٹ بلاک کو چرچ کے پیسے سے خریدا تھا۔

الزام عائد کیا جاتا ہے کہ جائیداد کی مارکیٹ ویلیو کو بڑھا کر پیش کیا گیا ہے۔

ویٹیکن پولیس نے اکتوبر میں سیکریٹریٹ آف سٹیٹ کے دفتر پر چھاپہ مار کر دفتر سے دستاویزات اور کمپیوٹرز کو قبضے میں لے لیا تھا اور ویٹیکن نے پانچ افسران کو معطل کرتے ہوئے ان کے ویٹیکن میں داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

پاپائے روم پوپ فرانسس نے اس سودے کی شفافیت پر یہ کہتے ہوئے شکوک کا اظہار کیا تھا کہ : ’اِنھوں نے ایسی چیزیں کی ہیں جو شفاف نہیں لگتیں۔‘

سیکریٹریٹ آف سٹیٹ چرچ کی اس دولت کی نگہبان ہے جو دنیا بھر میں کیتھولک چرچ کے ماننے والے عطیے کے طور پر چرچ کو دیتے ہیں۔

لندن میں جائیداد کی خریداری کے حوالے سے ویٹیکن کے اندر ہونے والی ایک انکوائری کی رپورٹ ذرائع ابلاغ میں آنے کے بعد ویٹیکن پولیس کے سربراہ کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونا پڑا تھا۔

وٹییکن پولیس نے رواں برس فروری میں ایک سینیئر عہدیدار البرٹو پیرلاسکا کی دستاویزات اور کمپویٹروں کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔

رواں ہفتے پوپ فرانسس نے ویٹیکن کے مالی معاملات کو مزید شفاف بنانے کے لیے ایک نئے قانون کا اجرا کیا تھا۔

البتہ پوپ فرانسس نے پچھلے سال چرچ کے پیسوں سے جائیداد کی خریداری کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایک اچھی سرمایہ کاری ہے۔

کیتھولک چرچ ابھی جنسی زیادتی کے معاملات کو چھپانے کے سکینڈلز سے باہر نہیں آ پایا تھاکہ اسے ایک نئے سکینڈل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔