ہیڈلائن

پاکستان میں ایک لاکھ 13 ہزار سے زائد کورونا متاثرین، اموات کی مجموعی تعداد 2255 ہوگئی

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا خطرناک صورتحال اختیار کر رہی ہے اور یومیہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز اور درجنوں اموات سامنے آرہی ہیں۔

ملک میں اس وقت ابھی تک کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار 702 ہوچکی ہے جبکہ اموات 2 ہزار 255 تک جاپہنچی ہیں۔

آج ابھی تک سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 2 ہزار 873 ہے جبکہ 39 اموات کا اضافہ بھی ہوا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان میں تقریباً 5 ہزار کیسز اور ریکارڈ 104 اموات سامنے آئیں تھیں۔‎

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد یہ وبا آہستہ آہستہ پورے ملک میں پھیل گئی تاہم اس سے اس وقت سب سے زیادہ متاثر شہر کراچی ہی ہے۔

صرف کراچی میں ہی اس وقت 33 ہزار سے زائد کیسز اور 575 سے زیادہ اموات ہوچکی ہیں جو اب تک ملک کے کسی بھی شہر کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

نہ صرف کراچی بلکہ اس وائرس سے پورا ملک بری طرح متاثر ہے اور لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد لوگوں کی جانب سے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر پر عمل نہ کرنے سے وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

یہاں یہ واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھی پاکستان کو خبردار کیا تھا کہ وہ کورونا وائرس کے عدم پھیلاؤ کے لیے نافذ لاک ڈاؤن میں مکمل نرمی سے گریز کرے کیونکہ وہ ان 6 شرائط (نکات) میں سے کسی ایک پر بھی پورا نہیں اترتا جو احتیاطی تدابیر سے متعلق ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کے بعد مختلف پابندیاں لگائی گئی تھیں جو بعد ازاں لاک ڈاؤن میں تبدیل کردی گئی تھی، جس کے بعد تقریباً ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصے تک یہ سلسلہ جاری رہا تھا اور پھر اس سے پڑنے والے معاشی اثرات کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے 9 مئی سے اس میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان کیا گیا۔

اگر ملک میں اس دوران کیسز کا جائزہ لیں تو فروری سے مارچ کے آخر تک تقریباً 2 ہزار کیسز اور 26 اموات تھیں، جو اپریل کے مہینے میں بڑھ کر 385 تک پہنچ گئیں جبکہ کیسز کی تعداد ساڑھے 16 سے تجاوز کرگئی۔

تاہم مئی کے مہینے میں صورتحل یکسر تبدیل ہوگئی اور ایک ماہ کے دوران 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد کیسز 71 ہزار اور اموات 1500 بڑھ گئیں۔

جون کے مہینے میں بھی یہ سلسلہ جاری ہے اور صرف ابتدائی 9 روز میں تقریباً 40 ہزار کے قریب نئے کیسز اور 700 کے لگ بھگ اموات کا اضافہ ہوا ہے۔

آج (10 جون) کو بھی کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات سامنے آنے کا سلسلہ جاری رہا جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ گئی۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں ایک روز میں ریکارڈ 2 ہزار 641 نئے کیسز اور 34 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے مطابق صوبے میں ان 2 ہزار 641 نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 43 ہزار 460 ہوگئی۔

اسی طرح یہ بھی بتایا گیا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 34 اموات کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 807 تک جاپہنچی۔

اسلام آباد

ادھر اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں حالیہ دنوں کے مقابلے میں کچھ کمی دیکھی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت میں اس وائرس سے مزید 178 لوگ متاثر ہوئے، تاہم 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

اس طرح اسلام آباد میں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 5 ہزار 785 سے بڑھ کر 5 ہزار 963 ہوگئی جبکہ اموات 52 سے بڑھ کر 57 تک پہنچ گئیں۔

گلگت بلتستان

وہی گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 22 نئے کیسز کا اضافہ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں سامنے آنے والے ان 22 کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 952 سے بڑھ کر 974 تک جا پہنچی۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس سے مزید نئے لوگ متاثر ہوگئے۔

اعدا و شمار کے مطابق آزاد کشمیر جو اب تک وائرس سے سب سے کم متاثر ہے وہاں 32 نئے مریض سامنے آگئے، جس کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 412 سے بڑھ کر 444 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم ملک میں جہاں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا وہیں صحتیاب افراد کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

ملک میں گزشتہ 24 گھںٹوں کے دوران مزید 1290 مریض ایسے تھے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی اور مکمل صحتیاب ہوئے۔

جس کے بعد اب تک ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 35 ہزار 18 سے لے کر 36 ہزار 308 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 113702

اموات: 2255

صحتیاب: 36308

فعال کیسز: 75139

اس وقت پاکستان میں سندھ میں کیسز کی تعداد 41 ہزار 303 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 43 ہزار 460 ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 14 ہزار 527 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 7 ہزار 31 ہے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد میں 5 ہزار 963، گلگت بلتستان میں 974ماور آزاد کشمیر 444 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 807

سندھ: 696

خیبرپختونخوا: 610

بلوچستان: 62

اسلام آباد: 57

گلگت بلتستان: 14

آزاد کشمیر: 09