ہیڈلائن

کورونا وبا: پاکستان میں ایک لاکھ 19 ہزار سے زائد افراد متاثر، 38 ہزار 391 صحتیاب

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور آج آنے والے نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار 536 جبکہ اموات 2 ہزار 356 ہوگئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں آج ابھی تک 2 ہزار 364 کیسز اور 39 اموات کا اضافہ ہوا۔

گزشتہ روز ملک میں ایک روز کے اب تک کے ریکارڈ 6 ہزار 343 نئے کیسز اور 101 اموات کا اضافہ ہوا، ملک میں یہ مسلسل دوسرا روز تھا جب اموات کی تعداد میں 100 سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال تشویشن ناک ہورہی ہے اور سیکڑوں میں آنے والے کیسز ہزاروں میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اموات بھی اسی شرح سے بڑھ رہی ہے۔‎

ملک میں 26 فروری 2020 کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جبکہ 18 مارچ کو اس وبا سے پہلی موت کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد مارچ کے آخر تک کیسز کی تعداد 2 ہزار کے لگ بھگ تھی جبکہ اموات 26 تک پہنچی تھیں۔

اپریل میں کیسز کی تعداد بڑھنا شروع ہوئی اور اسی ماہ کے آخر تک یہ ساڑھے 16 ہزار تک پہنچ گئی جبکہ اموات 385 ہوگئی۔

تاہم مئی کے مہینے میں صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی اور ایک ماہ کے دوران 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا اور مجموعی کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

جون کے مہینے میں بھی صورتحال کچھ تبدیل نظر نہیں آرہی اور صرف ابتدائی 10 روز کے دوران تقریباً 46 ہزار کیسز اور 800 اموات سامنے آچکی ہیں۔

آج (11 جون) کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات کا اضافہ ہوا تاہم سیکڑوں مریض صحتیاب بھی ہوگئے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 2003 نئے کیسز اور 34 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 45 ہزار 463 ہوگئی۔

مزید یہ کہ صوبے میں کورونا وائرس سے 34 اموات رپورٹ بھی ہوئیں جس سے یہ تعداد 807 سے بڑھ کر 841 ہوگئی۔

اسلام آباد

ادھر اسلام آباد میں بھی کورونا وائرس کے مزید 273 نئے کیسز اور 5 اموات ہوئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے ان کیسز کے بعد مجموعی تعداد 5 ہزار 963 سے بڑھ کر 6 ہزار 236 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد میں مزید 5 افراد کا انتقال ہوا جس کے بعد یہ تعداد 57 سے بڑھ کر 62 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

دوسری جانب گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 44 نئے مریض سامنے آگئے، جس کے ساتھ ہی کیسز ایک ہزار سے تجاوز کرگئے۔

گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان نئے مریضوں کے سامنے آنے کے بعد مجموعی کیسز 974 سے بڑھ کر ایک ہزار 18 تک جا پہنچے۔

آزاد کشمیر

مزید برآں آزاد کشمیر جو اس وائرس سے اب تک سب سے کم متاثر ہے وہاں بھی مزید 44 افراد اس وائرس کا شکار ہوگئے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھںٹوں میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 488 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

تاہم ملک میں ان نئے کیسز کے باوجود جو چیز مریضوں کے لیے حوصلہ افزا ہے وہ لوگوں کا جلد صحتیاب ہونا ہے۔

ملک میں اس کورونا وائرس سے ایک بڑی تعداد شفا پاچکی ہے اور اس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 83 نئے لوگوں کا اضافہ ہوا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان افراد نے کورونا وائرس کو شکست دی جس کے بعد مجموعی تعداد 36 ہزار 308 سے بڑھ کر 38 ہزار 391 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 1196536

اموات: 2356

صحتیاب: 38391

فعال کیسز: 78789

اس وقت پاکستان میں سندھ میں کیسز کی تعداد 43 ہزار 790 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 45 ہزار 463 ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 15 ہزار 206 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 7 ہزار 335 ہے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد میں 6 ہزار 236، گلگت بلتستان میں 1018 اور آزاد کشمیر 488 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 841

سندھ: 738

خیبرپختونخوا: 619

بلوچستان: 73

اسلام آباد: 62

گلگت بلتستان: 14

آزاد کشمیر: 09