معیشت

سوزوکی نے آلٹو گاڑی، موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

Share

کراچی: پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایم سی ایل) نے منگل کو آلٹو 660 سی سی وی ایکس ماڈل کی قیمت میں 7 جولائی سے 63000 روپے کا اضافہ کردیا جس کے بعد اس کی قیمت 11 لاکھ 98 ہزار روپے ہوگئی۔

 رپورٹ کے مطابق کمپنی نے مجاز ڈیلرز کو بھیجے گئے خط میں قیمت میں اضافے کی کوئی وجہ بتائے بغیر کہا کہ صارفین جو پہلے ہی پوری ادائیگی کے ساتھ ماڈل بک کر چکے ہیں ان سے قیمت کے بڑھنے کا فرق نہیں لیا جائے گا۔

اس سے قبل پی ایس ایم سی نے یکم جولائی کو موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں بھی 3 ہزار سے 6 ہزار روپے کا اضافہ کیا تھا۔

اس اضافے کے بعد جی ڈی 110 ایس، جی ایس 150، جی ایس 150 ایس ای، جی آر 150 اور جی ایس ایکس 150 ایس ایف کی قیمتیں بالترتیب ایک لاکھ 75 ہزار، ایک لاکھ 85 ہزار، 2 لاکھ 2 ہزار، 2 لاکھ 79 ہزار اور 5 لاکھ 79 ہزار ہوگئی تھی۔

70 سے 250 سی سی کی سپر پاور موٹر سائیکل اسمبل کرنے والی کمپنی این جے آٹو انڈسٹریز نے بھی یکم جولائی سے قیمتوں میں ایک ہزار سے 2 ہزار روپے کا اضافہ کیا تھا۔

تاہم گزشتہ روز کمپنی نے اپنے اعلان کو واپس لیتے ہوئے قیمتوں میں ایک ہزار سے 2 ہزار کے بجائے 1200 سے 2500 روپے کا اضافہ کیا تھا جس کا اطلاق 10 جولائی سے ہوگا۔

کمپنی نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کو قیمتوں میں اضافے کی وجہ بتائی جس کی وجہ سے درآمدی پارٹس کی لاگت بھی بڑھی۔

یونیک موٹرسائیکل کے اسمبل کرنے والوں نے بھی 10 جولائی سے 70 سی سی اور 100 سی سی ماڈلز کی قیمتوں میں 1200 سے 2200 روپے کا اضافہ کیا جبکہ دیگر متعدد چینی و جاپانی موٹرسائیکل اسمبلرز نے 500 سے 20 ہزار روپے تک کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا جس کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔