کھیل

سماجی فاصلے کے پروٹوکول کی خلاف ورزی: ‘حفیظ کو آئسولیشن میں رہنا ہوگا’

Share

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ کو سماجی فاصلے کے پروٹوکول کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا ٹیسٹ منفی آنے تک حفیظ آئسولیشن میں ہوں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘محمد حفیظ صبح ٹیم کے ہوٹل سے متصل گالف کورس گئے تھے، جو بائیوسیکیورببل کا حصہ ہے’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘محمد حفیظ نے اس دوران ایک عام شہری کے ساتھ تصویر بنوائی اور سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری کی’۔

آل راؤنڈر کے اس قدم کو خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے پی سی بی نے کہا کہ ‘تصویر میں واضح ہے کہ محمد حفیظ نے 2 میٹر سماجی فاصلے کے پروٹوکول کی خلاف ورزی کی ہے، اس لیے ٹیم انتظامیہ نے ڈاکٹر سے مشاورت کے بعد انہیں کووڈ-19 کا ٹیسٹ منفی آنے تک آئسولیشن میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے’۔

بیان کے مطابق ‘محمد حفیظ کا کووڈ-19 ٹیسٹ سہ پہر کو کیا گیا ہے اور اس کا رزلٹ جمعرات کو متوقع ہے’۔

پی بی سی نے واضح کیا ہے کہ ‘آل راؤنڈر کو آئسولیشن میں بھیجنے کا فیصلہ ان کے اطراف موجود تمام لوگوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے’۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘ٹیم انتظامیہ کا خیال ہے کہ یہ غلطی غیر دانستہ تھی تاہم یہ فیصلہ بائیو سیکیور ماحول، ان کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے لیے کیا گیا جبکہ یہ گائیڈ لائنز کی پیروی کے لیے یاد دہانی بھی ہے’۔

پی سی بی کے مطابق ٹیم انتظامیہ نے اس پیش رفت سے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز جاری ہے جبکہ انگلینڈ نے پہلے میچ میں 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 13 اگست اور تیسرا ٹیسٹ 21 اگست کو شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ محمد حفیط ٹیسٹ سیریز کے لیے منتخب کیے گئے 20 کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہیں۔