فیچرز

انگلینڈ: ایئر فریشنر کے ’زیادہ استعمال‘ کے بعد سگریٹ جلانے سے کار میں دھماکہ

Share

انگلینڈ کے شہر ویسٹ یارک شائر میں ایک کار میں اس وقت دھماکہ ہوا جب ڈرائیور نے ایئر فریشنر کے بعد گاڑی میں سگریٹ جلائی۔

فائر فائٹرز کے مطابق ڈرائیور نے سگریٹ جلانے سے قبل گاڑی میں ایروسول (چھوٹے چھوٹے ذرات کا گیس کی صورت میں پھیلنا) خوشبو کی ’ضرورت سے زیادہ‘ مقدار کا استعمال کیا تھا۔

سپرے سے آگ بھڑک اٹھی جس سے گاڑی کی وِنڈ سکرین، کھڑکیاں اور دروازے تباہ ہو گئے جبکہ اندر موجود شخص معمولی زخمی ہوا۔

پولیس نے لوگوں کو حفاظتی مشوروں پر عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہیلی فیکس میں سنیچر کے روز پیش آنے والا یہ واقعہ ’اس سے بھی بدتر ہو سکتا تھا۔‘

یہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس سے قریبی دکانوں کی کھڑکیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

کار سوار سنیچر کو دن تین بجے شہر کی فاؤنٹین سٹریٹ میں ٹریفک میں موجود تھا جب یہ واقعہ پیش آیا۔

پولیس اور فائر سروس کی جانب سے اس واقعے کی تحقیقات کے دوران سڑک کو بند رکھا گیا۔

ویسٹ یارک شائر فائر اینڈ ریسکیو سروس کے مطابق یہ ’ڈرامائی‘ واقعہ ’حد سے زیادہ‘ ایئر فریشنر کے استعمال کی وجہ سے پیش آیا ہے۔