ایم کیوایم کا سینئیرکارکن قتل

MQM1

کراچی -متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ایک سینئر کارکن کو اتوار 19 جون کو علی الصبح قتل کردیا گیا۔ زمان ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او شاہ جہاں لاشاری کا کہنا تھا کہ 30 سالہ سہیل رشید کو کورنگی نمبر 3 میں واقع ان کے گھر کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ سہیل رشید کو شدید زخمی حالت میں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔ ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ مقتول کو سر میں گولی ماری گئی۔ اگرچہ پولیس نے اس واقعے کو ذاتی تنازع قرار دیا تاہم ایم کیو ایم ترجمان امین الحق نے اسے اپنے کارکن کی 'ٹارگٹ کلنگ' قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقتول سہیل یونین کونسل نمبر 29 کا یونٹ انچارج تھا۔

ایم کیو ایم ترجمان نے اپنی حریف سیاسی جماعت کو اس قتل کا ذمہ دار قرار دیا۔ امین الحق نے دعویٰ کیا کہ ایم کیو ایم کو ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ دیوار سے لگایا جارہا ہے اور اسے سیاسی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ ایم کیو ایم ترجمان نے حکومت پر زور دیا کہ مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے :-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *