یورو 2016: ویلز کی بلجیئم کو اپ سیٹ شکست

Wales

لیل: گیراتھ بیل کی ٹیم ویلز تاریخ میں پہلی بار یورو کپ 2016 کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی، ویلز نے دوسرے کوارٹر فائنل میں عالمی نمبر دو بیلجیئم کی ٹیم کو 1 کے مقابلے میں 3 گول سے آؤٹ کلاس کردیا۔ فرانس کے شہر لیل میں کھیلے گئے یورو کپ 2016 کے دوسرے کوارٹر فائنل میں دنیا کے مہنگے ترین فٹبالر گیراتھ بیل کی ٹیم ویلز اور فیفا رینکنگ میں عالمی نمبر دو پوزیشن پر براجمان رہنے والی ٹیم بیلجیئم کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔ بیلجیئم کی ٹیم نے کھیل کا شاندار آغاز کرتے ہوئے 13 ویں منٹ میں ہی گول کردیا، نینگولن نے خوبصورت گول داغ کر بیلجیئم کو 1 گول کی برتری دلوائی۔

دوسری جانب 31ویں منٹ میں حریف ٹیم ویلز کے کپتان ایشلی ولیم نے کارنر پر خوبصورت ہیڈر سے گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔ پہلے ہاف کے اختتام تک میچ کا اسکور 1-1 رہا، دوسرے ہاف میں ویلز نے منظم کھیل پیش کیا اور 55 ویں منٹ میں رابسن کانو نے شاندار گول کرکے ٹیم کو 1 کے مقابلے میں 2 گول کی سبقت دلادی۔ اس کے بعد 86 ویں منٹ میں سیم ووکس نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے گیند کو بیلجیئم کے گول پوسٹ میں پہنچا دیا، اُدھر بیلجیئم کی ٹیم گول کے خسارے کو کم کرنے کے لیے سر توڑ کوشش کرتی رہی، تاہم میچ کے آخری وقت تک بیلجیئم کوئی گول کرنے میں ناکام رہا۔

ویلز نے پہلی بار یورو کپ کے کوارٹر فائنل میں 1-3 سے کامیابی سمیٹ کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ خیال رہے کہ ویلز نے 1992 میں پہلی بار یوروپیئن شپ میں ڈیبیو کیا تھا۔ کوارٹر فائنل میں ویلز اور پرتگال فیصلہ کن معرکے میں پہنچنے کے لیے 6 جولائی کو ایکشن میں نظر آئیں گے :-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *