کھیل

پاکستان بمقابلہ انگلینڈ ٹی 20 سیریز: پاکستان نے انگلینڈ کو 5 رنز سے شکست دے دی

Share

مانچسٹر میں کھیلے جانے والے تیسرے اور فیصلہ کن ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 5 رنز سے ہرا دیا ہے۔

پاکستان نے انگلینڈ کو کامیابی کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنا سکی۔

اپنے انگلینڈ کے اس دورے کی پاکستان کے لیے یہ واحد کامیابی ہے۔

انگلینڈ کی جانب سے نمایاں کارکردگی معین علی کی جانب سے رہی جنھوں نے 33 گیندوں پر 61 رنز بنائے۔ تاہم میچ کے انتہائی اہم مرحلے پر جب انگلینڈ کو آخری آٹھ گیندوں میں 17 رنز درکار تھے، اس وقت وہاب ریاض نے انھیں آوٹ کر دیا۔

اس سے قبل شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں بیئر سٹو کو آؤٹ کر دیا تھا۔ انگلینڈ کے آوٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی ڈیوڈ ملان تھے جو عماد وسیم کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کپتان ایون مورگن آج بڑی اننگز نہیں کھیل سکے اور دس رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ اگلے ہی اوور میں ٹام بینٹن حارٹ رئوف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

پاکستان نے اپنی اننگز میں محمد حفیظ کی بہترین کارکردگی کی بدولت 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے تھے۔ محمد حفیظ نے 56 گیندوں پر 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 86 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

ان کا ساتھ حیدر علی نے دیا جنھوں نے 33 گیندوں پر 55 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 21 جب کہ فخر زمان صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاداب خان 15 رنز بنا سکے۔

کرکٹ

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

حیدر علی
،تصویر کا کیپشنپاکستان کی جانب سے حیدر علی نے 33 گتندوں پر 55 رنز بنائے

دوسرا میچ

دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں انگلینڈ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں چار وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے تھے۔ جواب میں انگلینڈ نے 19 اوروں میں ہدف حاصل کر لیا تھا۔ انگلینڈ کی جانب سے کپتان ایئن مورگن 66 اور ڈیوڈ ملان نے 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں تھیں۔

پہلا میچ

اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ انگلینڈ نے 16.1 اوورز میں 131 رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔

انگلینڈ کی اننگز کے اختتام پر میچ حکام کے مطابق ڈی ایل ایس میتھڈ کے مطابق پاکستان کو 16 اوورز میں جیت کے لیے 144 رنز کی ضرورت تھی۔ لیکن مسلسل بارش کے بعد گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے امپائرز نے فیصلہ کیا کہ میچ دوبارہ شروع کرنا ممکن نہیں ہوگا۔