کھیل

’میں ڈمی چیرمین ہوں‘، اقبال قاسم کرکٹ کمیٹی سے مستعفی

Share

پاکستان کے سابق لیفٹ آرم سپنر اقبال قاسم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے چیرمین کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے اور پاکستانی کرکٹ بورڈ نے ان کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔

اقبال قاسم نے جمعرات کی شب پاکستان کرکٹ بورڈ کو ای میل کے ذریعے استعفی بھیج دیا تھا۔ انہوں نے اپنے استعفے میں لکھا ہے کہ وہ کرکٹ کمیٹی کے ایک ڈمی چیرمین ہیں جو ایک مستحق میچ ریفری بھی تجویز نہیں کرسکتا۔

انہوں نے اپنے استعفے میں یہ بھی لکھا ہے کہ کرکٹ کھیلنے والے ایسے کھلاڑی جو اہلیت کے معیار پر پورا اترتے ہیں ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی دیکھ کر انہیں بہت دکھ ہوتا ہے۔

بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ اقبال قاسم اس بات پر سخت ناخوش تھے کہ کرکٹ کمیٹی کی ایک سب کمیٹی وسیم اکرم کی سربراہی میں بنائی گئی تھی جس میں سابق ٹیسٹ کرکٹرز عمر گل اور علی نقوی بھی شامل تھے۔ اس سب کمیٹی کا کام ڈومیسٹک کرکٹ اور اس میں میچ ریفریز اور امپائرز کی تعیناتی سے متعلق معاملات پر نظر رکھنا تھا لیکن اس سب کمیٹی کی تجاویز مرکزی کرکٹ کمیٹی کے سامنے نہیں آئیں۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اقبال قاسم پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ سے ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کیے جانے پر بھی خوش نہیں تھے اور انہوں نے اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین احسان مانی اور دیگر حکام کو اپنی تجاویز میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ کسی نہ کسی صورت میں جاری رکھنے کے لیے بھی کہا تھا۔

یاد رہے کہ اقبال قاسم نے31 جنوری 2020کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے چیرمین کا عہدہ سنبھالا تھا۔ اس کمیٹی کے دیگر ارکان میں وسیم اکرم۔ عمرگل ۔ علی نقوی اور عروج ممتاز شامل ہیں۔

جب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی یہ کرکٹ کمیٹی قائم ہوئی ہے اقبال قاسم اس کے تیسرے چیرمین تھے۔ ان سے قبل محسن حسن خان اور وسیم خان چیرمین کے عہدے سے مستعفی ہوچکے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی یہ کرکٹ کمیٹی دراصل ایک ایڈوائزری کمیٹی ہے جو کرکٹ سے متعلق صرف تجاویز دے سکتی ہے فیصلے نہیں کرسکتی۔

کرکٹ کمیٹی ماضی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کو طلب کرچکی ہے اور انگلینڈ کے حال میں ختم ہونے والے دورے کے بعد مصباح الحق دوبارہ اس کمیٹی کے سامنے پیش ہونے والے تھے۔

اقبال قاسم

پاکستان کرکٹ بورڈ کا استعفے پر ردعمل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اقبال قاسم کے استعفے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے اس بات پر مایوسی ہے کہ اقبال قاسم نے میرٹ اور ایک آزادانہ پینل کے فیصلے کا احترام کرنے کے بجائے اپنی تجویز پر عمل نہ کیے جانے پر استعفی دے دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اقبال قاسم نے جبب یہ عہدہ سنبھالا تھا تو اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا آئین نافذ ہوچکا تھا جس میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ کا کردار ختم ہوچکا تھا اور یہ بات اقبال قاسم کو معلوم تھی کہ نئے ڈھانچے اور نئے نظام میں اب ادارتی ٹیموں کی کوئی گنجائش نہیں تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کرکٹ کمیٹی کے نئے چیرمین کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔