کورونا وبا: ملک میں 545 نئے کیسز، مزید 409 مریض صحتیاب

پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہورہی ہے تاہم خدشات ابھی بھی برقرار ہیں کیونکہ احتیاط نہ برتنے پر یہ وائرس دوبارہ پھیل سکتا ہے۔

ملک میں ابھی تک 3 لاکھ 3 ہزار 634 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تاہم ان میں سے 2 لاکھ 91 ہزار 169 صحتیاب بھی ہوگئے ہیں جبکہ 6 ہزار 399 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

پاکستان میں آج 17 ستمبر کی صبح تک مزید 545 کیسز کا اضافہ ہوا جبکہ 6 اموات بھی رپورٹ ہوئیں۔

تاہم ان 545 کیسز میں سندھ کے 227 کیسز، 3 اموات، خیبرپختونخوا کے 45 کیسز اور بلوچستان کے 108 کیسز وہ تھے جو 16 ستمبر کے تھے تاہم یہ آج رپورٹ ہوئے۔‎

سندھ میں ان 227 کیسز کے بعد مجموعی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 818 ہوئی جبکہ 3 اموات نےمجوعی تعداد کو 2 ہزار 451 تک پہنچ گئی، مزید یہ کہ خیبرپختونخوا کے مجموعی کیسز 37 ہزار 185 اور بلوچستان میں مجموعی تعداد 13 ہزار 798 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا جس کے بعد اب تک اس وائرس کو تقریباً 7 ماہ کا عرصہ ہوگیا ہے۔

اس عرصے کے دوران سب سے زیادہ تشویش ناک صورتحال جون کے مہینے میں دیکھنے میں آئی، اس ماہ میں یومیہ کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے زائد ہوگئی تھیں۔

یہی نہیں بلکہ کیسز میں اضافے کی وجہ سے ملک کے ہسپتالوں میں بستروں کی تعداد کم پڑنے کی اطلاعات بھی رپورٹ ہوئی تھیں۔

تاہم بعد ازاں جولائی کے مہینے میں کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور پھر اگست اس میں مزید بہتری رپورٹ ہوئی۔

رواں ماہ میں کورونا وائرس کی صورتحال مزید بہتر ہونے کے بعد 6 ماہ سے زائد عرصے سے بند تعلیمی اداروں کو بھی کھول دیا گیا۔

آج 17 ستمبر کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح کی ہے۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 95 کیسز اور 3 اموات کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں 95 کیسز نے پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد کو 98 ہزار 41 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ 3 اموات نے مجموعی اموات کی تعداد کو 2 ہزار 223 تک پہنچا دیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے مزید 21 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں مجموعی کیسز 16 ہزار 5 ہوگئے۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثر حصوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں 39 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 39 نئے کیسز کے بعد وہاں مجموعی کیسز 3 ہزار 336 تک پہنچ گئے۔

آزاد کشمیر

ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں یہ عالمی وبا مزید 10 افراد کو متاثر کرگئی۔

اعداد و شمار کے مطابق 10 نئے مریضوں کے بعد آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 2 ہزار 451 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 409 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 409 مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 2 لاکھ 91 ہزار 169 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 303634

اموات: 6399

صحتیاب: 291169

فعال کیسز: 6066

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *