کھیل

انگلش باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ، پاکستانی ٹیم 202 رنز پر ڈھیر

Share

انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم بابر اعظم اور سعود شکیل کی نصف سنچریوں کے باوجود 202 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 79 رنز کی برتری حاصل کر لی۔

راولپنڈی میں جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن 107 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے پاکستان کی پہلی اننگز کا کھیل دوبارہ شروع ہوا تو بابر اعظم اور سعود شکیل وکٹ پر موجود تھے۔

انگلینڈ کو دن کے آغاز پر وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور اننگز کے 35ویں اوور میں انگلش کپتان نے گزشتہ میچ کے ہیرو اولی رابنسن کو متعارف کرایا جنہوں نے کپتان کا فیصلہ درست ثابت کرتے ہوئے دوسری ہی گیند پر بابر کو چلتا کردیا، انہوں نے 75 رنز بنائے۔

بابر کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلش ٹیم نے پاکستان کا دباؤ کا شکار کر دیا اور رنز بنانے کی رفتار بھی انتہائی سست ہو گئی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اگلے اوورز میں صرف 16 رنز بنے جبکہ محمد رضوان نے 28ویں گیند پر کھاتا کھولا۔

سعود شکیل نے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے کے لیے جیک لیچ کو ایک چوکا رسید کیا اور پھر وکٹ سے باہر نکل کر ایک اور شاٹ مارنے کی کوشش میں انہی کو وکٹ دے کر چلتے بنے اور یوں ان کی 63 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

سعود شکیل کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی پاکستانی کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا کہ جو اننگز کے اختتام تک تھم نہ سکا اور کوئی کھلاڑی انگلش باؤلرز کا سامنا نہ کر سکا اور حتیٰ کہ پارٹ ٹائم اسپنر جو روٹ بھی دو وکٹیں لے اڑے۔

فہیم اشرف نے اختتامی اوورز میں چند بڑے شاٹس کھیل کر 22 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ان کی اس کاوش کے باوجود پوری ٹیم 202 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے چار جبکہ مارک وُڈ اور جو روٹ نے دو، دو وکٹیں لیں۔

پاکستان نے آخری 8 وکٹیں صرف 60 رنز کے اضافے سے گنوائیں۔

انگلینڈ نے میچ کی پہلی اننگز میں 79 رنز ی برتری حاصل کی جہاں مہمان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 281 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا تھا۔