ہیڈلائن

پاکستان میں ایک روز میں ریکارڈ تقریباً 17ہزار مریض صحتیاب، فعال کیسز 30 ہزار سے کم

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک میں مصدقہ کیسز میں سے تقریباً 87 فیصد لوگ صحتیاب ہوگئے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 71 ہزار 860 ہے جس میں سے 5 ہزار 787 مریض انتقال کرگئے ہیں جبکہ 2 لاکھ 36 ہزار 596 صحتیاب ہوئے ہیں۔

آج (25 جولائی) کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 370 مریض اور 9 اموات رپورٹ ہوئیں تاہم 16 ہزار 813 مریض شفایاب ہوگئے جو ایک روز کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

ملک میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے شفایاب ہونے سے ملک میں مجموعی کیسز میں سے تقریباً 87 فیصد لوگ صحتیاب ہوگئے اور فعال کیسز 30 ہزار سے بھی کم رہ گئے۔‎

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا جس کے بعد سے اس وائرس کو یہاں 5 ماہ کا عرصہ ہوگیا ہے۔

اس 5 ماہ کے دوران 2 ماہ میں کیسز کی صورتحال کافی تشویش ناک رہی تاہم جولائی کے آغاز سے ملک میں یومیہ کیسز کی تعداد میں کمی رپورٹ ہوئی۔

آج (25 جولائی) کو ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

پاکستان میں آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید 268 افراد کو متاثر کیا جبکہ 8 اموات بھی رپورٹ ہوئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 268 افراد کے متاثر ہونے سے مجموعی کیسز کی تعداد 91 ہزار 691 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ 8 افراد کے انتقال کرجانے سے یہ تعداد 2105 سے بڑھ کر 2113 تک جاپہنچی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 55 افراد کو متاثر کیا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد وہاں مجموعی کیسز 14 ہزار 821 تک پہنچ گئے۔

آزاد کشمیر

ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے کیسز 2 ہزار سے بڑھ گئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی جس سے مجموعی کیسز 2 ہزار 12 ہوگئے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان جو اس وقت سب سے کم متاثر علاقہ ہے وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 24 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ ایک فرد انتقال کرگیا۔

ان نئے 24 مریضوں کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز ایک ہزار 942 تک جاپہنچے۔

مزید برآں ایک اور فرد کے انتقال سے اموات کی تعداد 47 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں کورونا کیسز میں کمی تو صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ مریض شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 16 ہزار 813 مریض شفایاب ہوئے جو اب تک ایک روز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر وائرس سے شفاپانے والوں کی تعداد 2 لاکھ 36 ہزار 596 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز271860

اموات5787

صحتیاب236596

فعال کیسز29477

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 16 ہزار 800 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 91 ہزار 691 تک کیسز پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 33 ہزار 71 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 523 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 821، آزاد کشمیر میں 2012 اور گلگت بلتستان 1942 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2110

پنجاب: 2113

خیبرپختونخوا: 1170

بلوچستان: 136

اسلام آباد: 162

آزاد کشمیر: 49

گلگت بلتستان: 47