ارطغرل: ترک ڈرامے کے مرکزی کردار حقیقت میں کون ہیں؟

ترک ڈرامہ ارطغرل اردو زبان میں پاکستان میں نشر ہو رہا ہے اور اس کے کردار سوشل میڈیا پر ہی نہیں بلکہ لوگوں کی گفتگو میں بھی بات چیت کا موضوع بنے ہوئے ہیں۔

ملک میں ’ارطغرل غازی‘ کی پہلی قسط یوٹیوب پر دو کروڑ لوگ دیکھ چکے ہیں۔

اگر آپ بھی کئی پاکستانیوں کی طرح آج کل اس ترک ڈرامے کے مداح ہیں تو ارطغرل کے ساتھ ساتھ حلیمے سلطان، تورگت اور سیلجان کے کرداروں سے بھی بخوبی واقف ہوں گے۔

تو آئیں آج آپ کو ان میں سے چند مرکزی کرداروں کو نبھانے والے اداکاروں سے ملواتے ہیں۔

ارطغرل غازی: اینگن التن دزیتن

ارطغرل غازی : اینگن التن دزیتن

اینگن التن دزیتن ’دریلس ارطغرل‘ میں ارطغرل کا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی پیدائش سنہ 1979 میں ترکی کے خطے ازمر میں ہوئی تھی۔

سکول کے دنوں سے ہی انھیں اداکاری کا شوق تھا اور پھر انھوں نے 2001 میں ازمر کی دوکز ایلول یونیورسٹی سے ڈرامے کے شعبے میں ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد 2001 میں ہی وہ کام کی تلاش میں استنبول آگئے۔

ترک ٹی وی کے لیے ان کا پہلا رول ڈرامہ سیریل ’روح سر‘ میں تھا جس کے بعد انھوں نے ’کوچم بنم‘ اور ’یدیپے استنبول‘ سمیت کئی ٹی وی ڈراموں میں کام کیا۔ 2005 میں انھوں نے فلموں میں کام کرنا شروع کیا، جن میں ہدایتکار مصطفیٰ التوکلیار کی فلم ’بیزانن کدنلری‘ شامل تھی۔

انھوں نے کئی فلموں اور ڈراموں میں کام کیا ہے۔ ٹی وی ڈراموں کے علاوہ وہ تھیئٹر میں بھی کام کر چکے ہیں اور دیارباکر نیشنل تھیئٹر میں پیش کیے جانے والے ڈرامے ’در ایاکبی الے‘ کے ہدایت کار بھی تھے۔

لیکن یہ کہنا بالکل غلط نہیں ہوگا کہ ارطغرل ہی ان کا سب سے زیادہ مقبول کردار ہے۔

2014 میں دیے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ویسے تو انھیں ارطغرل کی کہانی بہت پسند آئی تھی لیکن ان کے ذہن میں اس شو کے بارے میں کئی خدشات تھے کیونکہ ’تاریخ پر مبنی کہانیاں اگر حقیقت کے قریب نہ ہوں تو ان کے مضحکہ خیز بن جانے کا خطرہ ہوتا ہے۔‘

ارطغرل کے بعد اب وہ ڈرامہ سیریئل ’جنایت‘ میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

2014 میں انھوں نے نسلشاہ الکوچلر سے شادی کی اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔

حلیمے سلطان: اسرا بِلگِچ

حلیمہ سلطان: اسرا بِلگِچ

ارطغرل کی محبوبہ اور پھر بیوی کا کردار ادا کرنے والی اسرا بِلگِچ کی پیدائش سنہ 1992 میں انقرہ میں ہوئی۔

انھوں نے پہلے ہیجتیپ یونیورسٹی سے آثار قدیمہ میں ڈگری حاصل کی۔ پھر انھوں نے انقرہ کی بلکینت یونیورسٹی سے بین الاقوامی امور میں ڈگری حاصل کی اور اب قانون کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔

دیریلس ارطغرل میں حلیمے سلطان کا کردار ان کا پہلا رول تھا اور اس کی وجہ سے انہیں کافی مقبولیت ملی۔

View this post on Instagram

?

A post shared by Esra Bilgiç (@esbilgic) on

انھوں نے 2018 میں ارطغرل میں کام کرنا چھوڑ دیا تھا جس کے بعد انھوں نے ایک فلم حاصل کر لی تھی۔ آج کل وہ ’رامو‘ نامی کرائم ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔

حلیمے سلطان کے کردار کو انھوں نے ایک مشکل رول اور ایک زبردست موقع قرار دیا تھا۔

اسرا بلگچ نے 2017 میں ترکی کی قومی فٹ بال ٹیم میں کھیلنے والے فٹ بالر گوکھان تورے سے شادی کر لی تھی۔

تاہم دو سال بعد 2019 میں دونوں کا رشتہ ختم ہو گیا تھا۔

تورگت: جنگیز جاشکن

تورگت: جنگیز جاشکن

ڈرامے میں ارطغرل کے سب سے قریبی ساتھی تورگت الپ کا کردار نبھانے والے جنگیز جاشکن کی پیدائش 1982 میں استنبول میں ہوئی۔

وہ سپورٹس اکیڈمی کے گریجویٹ ہیں اور پیشہ ور باسکٹ بال کھلاڑی بھی ہیں۔ سنہ 2002 میں انھوں نے ماڈلنگ اور اداکاری شروع کی۔

سال 2005 میں انھوں نے اپنے پہلے ٹی وی ڈرامے میں کام کیا۔ دیریلس ارطغرل سے پہلے ان کے کریئر کا سب سے بڑا پراجیکٹ فتح 1459 تھا۔

اس کے علاوہ انھوں نے 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم داغ میں بھی کام کیا ہے۔

سیلجان: دیدم بالچن

سیلجان: دیدم بالچن

اور اگر ڈرامے میں ارطغرل کے بھائی گنگودو کی بیوی سیلجان کی سازشوں سے آپ بھی متاثر ہوئے ہیں تو دیدم بالچن سے ملیے۔

ان کی پیدائش 1982 میں انقرہ میں ہوئی۔

انھوں نے انقرہ یونیورسٹی سے تھیئٹر میں ڈگری حاصل کی اور پھر استنبول چلی گئیں جہاں انھوں نے کئی فلموں اور ڈرامہ سیریز میں کام کیا۔ وہ تھیئٹر میں بھی کام کر چکی ہیں اور کئی انعامات بھی جیت چکی ہیں۔

رواں ماہ مئی کی نو تاریخ کو انھوں نے اپنے منگیتر جان ایدین سے شادی کر لی ہے۔

ویسے تو شادی جون میں ہونے والی تھی لیکن کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر وہ ایک چھوٹی سی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

انھوں نے اس شادی کی تقریب کو اپنے پیاروں کے ساتھ زوم پر شئیر بھی کیا۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *

error: