جمالیات

ارطغرل غازی کے کردار ‘دوآن الپ’ کی پاکستان آمد

Share

ترکی کے ڈرامے دیریلیش ارطغرل جسے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر ارطغرل غازی کے نام سے اردو میں ترجمہ کرکے پیش کیا جارہا ہے میں دوآن الپ (روشان) کا کردار ادا کرنے والے جاوید چتین گونر پاکستان پہنچ گئے۔

خیال رہے کہ ترک اداکار جاوید چتین گونر سمیت ارطغرل غازی ڈرامے کے مختلف اداکار پاکستان آمد کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔

جاوید چتین گونر نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ پاکستان سے ملنے والی محبت کے مشکور ہیں اور اس بات کی خوشی ہے کہ پاکستان میں اس ڈرامے پر اتنا اچھا ردعمل آیا۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان ان کے لیے دوسرا گھر ہے اور وہ جلد ہی پاکستان آئیں گے۔‎

جس کے بعد اب آخر کار ترک اداکار پاکستان پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کو پاکستان آمد سے متعلق آگاہ کیا۔

گزشتہ رات انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری میں استنبول سے اسلام آباد روانگی کے بورڈنگ پاس کی تصویر شیئر کی تھی۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ

جس کے بعد آج (16 ستمبر کی) صبح جاوید چتین گونر نے اسلام آباد کی ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں 2 لوک موسیقار طبلے اور ستار پر دلفریب دھنیں بکھیر رہے تھے۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے ویڈیو میں ‘صبح بغیر’ کے کیپشن کے ساتھ اسلام آباد کی لوکیشن بھی شیئر کی تھی۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ

ان کی آمد کے فوراً بعد ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاوید چتین گونر کی ویڈیوز پاکستان میں خوش آمدید (WelcometoPakistan#) کا ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کررہا ہے۔

مداحوں کی جانب سے دوآن الپ کی پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے۔

ٹوئٹر صارف اریبہ خان نے جاوید چتین گونر کے استقبال کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا۔

علاوہ ازیں قائی قبیلے کے نام سے ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جاوید جیتن گنیر کی آمد کی ویڈیو پوسٹ کی۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ جاوید چتین گونر کو مہمان نوازی کی سرزمین پر خوش آمدید۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک اور صارف نے لکھا کہ ہم آپ کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں اور اُمید کرتے ہیں کہ آپ کو پاکستان اور یہاں کے لوگ پسند آئیں۔

خیال رہے کہ دوآن الپ کے کردار نے گزشتہ ماہ اگست میں انسٹا اسٹوری میں پاکستان آنے سے معذرت کی تھی۔

انہوں نے لکھا تھا کہ ترکی میں ایک دوست کے ذریعے مصور عباسی نامی وکیل سے ملاقات کی اور کاروباری منصوبوں پر اتفاق کیا تھا، یہ کاروباری منصوبہ حقیقت پر مبنی نہیں مصور عباسی نے جھوٹ سے کام لیا۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ

اداکار نے لکھا تھا کہ پاکستانی عوام کے ساتھ ہماری محبت باہمی ہے لیکن بیان کردہ حالات کے پیشِ نظر میں اپنا دورہ پاکستان نہیں کرسکوں گا۔

جاوید چتین گونر نے لکھا تھا کہ ’میں اُمید کرتا ہوں کہ جلد قابلِ اعتماد لوگوں سے ملوں اور پاکستان کا دورہ کروں’۔

یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ ترک اداکار نے اپنی اسٹوریز میں یہ نہیں بتایا کہ وہ اسلام آباد کس سلسلے میں آئے ہیں۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ

تاہم اسلام آباد کی ہاؤسنگ سوسائٹی بلیو ورلڈ سٹی کی جانب سے مختلف انسٹا اسٹوریز میں ترک اداکار سے ملاقات کی تصاویر جاری کی گئیں۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ

لیکن ہاؤسنگ سوسائٹی کی جانب سے بھی ترک اداکار جاوید چتین گونر کی اسلام آباد سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ارطغرل غازی کے مرکزی کردار نے دارالحکومت اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے برانڈ ایمبیسڈر کا معاہدہ کیا تھا تاہم اس ہاؤسنگ سوسائٹی کو راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کی جانب سے غیر قانونی قرار دیے جانے کے باعث معاہدہ منسوخ کردیا تھا۔

واضح رہے کہ ترک ڈرامے ‘ارطغرل غازی’ کو پی ٹی وی پر 24 اپریل سے نشر کیا جا رہا ہے اور اب اس کا دوسرا سیزن بھی شروع ہوچکا ہے۔

اس ڈرامے نے نشر ہوتے ہی پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ بنائے تھے اور اسے یوٹیوب پر محض 20 دن میں 21 کروڑ بار دیکھا جا چکا تھا۔

اس ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے جو ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے، جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔