اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت، میچ ملتوی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ سے قبل ہی یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، جس کے بعد میچ کو ایک روز کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کرتے ہوئے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ 'آج شام ہونے والے میچ میں شامل ٹیموں میں سے ایک ٹیم کے کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے'۔

بیان میں کہا گیا کہ 'کھلاڑی کو دو روز قبل علامات ظاہر ہوئی تھیں اور فوری طور پر آئسولیشن میں بھیج دیا گیا تھا'۔‎

پی سی بی نے کہا کہ 'مذکورہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں جبکہ دوسری ٹیم کے کھلاڑیوں کے بھی ٹیسٹ کیے جارہے ہیں'۔

پی سی بی نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ 9 بجے شروع ہوگا۔

پی سی بی نے ٹوئٹ میں کہا کہ 'کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ دونوں ٹیموں کے اسکواڈز کے ٹیسٹ منفی آگئے ہیں'۔

میچ کے التوا سے معلق بیان میں کہا گیا کہ 'یہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی میچ کے لیے تیاری کو یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے'۔

بورڈ نے واضح کیا کہ 'میچ کے ٹکٹس کل کے لیے کارآمد ہوں گے'۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹوئٹر پر تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ 'ہمارا ایک کھلاڑی فواد احمد کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور 2 روز قبل ہی انہیں فوری طور پر آئسولیشن بھیج دیا گیا تھا'۔

بیان میں کہا گیا کہ 'اسلام آباد یونائیٹڈ کے دیگر تمام کھلاڑیوں اور اراکین کا ٹیسٹ منفی آگیا ہے اور کھلاڑیوں کو کھیل کے لیے کلیئر قرار دیا گیا ہے'۔

خیال رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پی ایس ایل کا 12 واں میچ شام 7 بجے شیڈول تھا لیکن ٹیموں کو ہوٹل میں روک دیا گیا اور دیگر کھلاڑیوں کی کلیئرنس تک میچ کو مؤخر کردیا گیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ 3 میچوں میں 2 فتوحات اور ایک شکست کے ساتھ 4 پوائنٹس حاصل کر کے ٹورنامنٹ میں چوتھے نمبر پر ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *