دنیابھرسے

امریکا: پرل ہاربر میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک، ایک زخمی

Share

امریکا کی ریاست ہوائی میں واقع پرل ہاربر نیول شپ یارڈ میں امریکی ملاح نے خودکشی کرنے سے قبل فائرنگ کرکے 2 افراد کو قتل جبکہ ایک کو زخمی کردیا۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق امریکی عہدیدار نے بتایا کہ ’فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے دونوں افراد محکمہ دفاع کے سویلین ملازمین تھے جبکہ زخمی ہونے والا شخص عام شہری ہے جس کی حالت خطرے سے باہر ہے‘۔

قبل ازیں امریکی بحری اڈے کے ترجمان نے کہا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے ہونے والی فائرنگ کی اطلاعات پر رد عمل دیا تھا اور بیس کئی گھنٹوں تک لاک ڈاؤن رہا تھا۔

واقعے سے متعلق عینی شاہد نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ وہ کمپیوٹر پر بیٹھے تھے کہ جب انہوں نے فائرنگ کی آواز سنی اور 3 افراد کو زمین پر گرے ہوئے دیکھا۔

شناخت ظاہر نہ کرنے والے عینی شاہد نے بتایا کہ انہوں نے دیکھا کہ فائرنگ کرنے والے شخص نے امریکی بحریہ یا ملاح کا یونیفارم پہنا ہوا تھا اور اس نے اپنے سر میں گولی ماری۔

دوسری جانب ہوائی نیوز ناؤ کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے میں متاثر ہونے والوں میں کئی شہری شامل ہیں۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا جارہا کہ فائرنگ کا واقعہ پرل ہاربر نیول شپ یارڈ کے جنوب میں واقع داخلی حصے میں پیش آیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک برس میں امریکا کی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

گزشتہ ماہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر فریسنو میں گھر میں جاری پارٹی کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 15 نومبر کو کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں واقع ہائی اسکول میں ایک طالب علم کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 2 طلبہ ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے تھے جبکہ فائرنگ کرنے والا طالب علم بھی اگلے دن ہسپتال میں دم تور گیا تھا۔

اکتوبر میں کیلیفورنیا کے علاقے لانگ بیچ میں ایک گھر میں جاری ہیلوین پارٹی کے دوران فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے تھے۔

رواں برس اگست کے مہینے میں ٹیکساس کے شاپنگ مال میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کرکے 20 افراد کو قتل جبکہ 26 افراد کو زخمی کردیا تھا اور واقعے کے بعد خود کو پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

اس سے قبل جولائی میں امریکا کے شہر کیلیفورنیا میں شاپنگ مال کے اندر 2 نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

جون میں امریکا کے شہر پٹس برگ میں یہودی عبادت گاہ میں فائرنگ کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

یہ بھی یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں امریکا کی ریاست ورجینیا میں میونسپل کی عمارت میں فائرنگ کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔