ایک فرد اوسطاً روزانہ موبائل پر کتنا وقت گزارتا ہے؟

کیا آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ لوگ روزانہ موبائل فون پر کتنا وقت گزارتے ہیں؟

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر دنیا بھر میں لوگوں نے 2021 میں اوسطاً بیداری کے وقت کا لگ بھگ ایک تہائی یا 4.8 گھنٹے موبائل کو دیکھتے ہوئے گزارا۔

یہ بات ایپ اینی کی ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی جس کے مطابق 2021 میں دنیا بھر میں صارفین نے ریکارڈ 3.8 ٹریلین گھنٹے موبائل فونز میں مختلف کام کرتے ہوئے گزارے۔

تحقیق میں بتایا کہ مجموعی طور پر 2021 ریکارڈ بریکنگ سال رہا جس دوران لوگوں میں موبائل طرز زندگی کو اپنانے کا سلسلہ جاری رہا اور ان ڈیوائسز کو بڑی اسکرینوں پر ترجیح دی گئی۔

خاص طور پر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر وقت گزارنے کی شرح 2020 کے مقابلے میں عالمی سطح پر 90 فیصد تک بڑھ گئی۔

ایپ اینی کے سی ای او تھیوڈور کرانٹز نے کہا کہ موبائل ہی مستقبل کی ڈیوائس ہے اور بڑی اسکرین بتدریج مر رہی ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ عالمی سطح پر موبائل ایپس پر 170 ارب ڈالرز خرچ کیے گئے جو 2020 کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہے۔

اسی طرح ایپ ڈاؤن لوڈ کی شرح میں ایک سال میں 5 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر 230 ارب ایپس ڈاؤن لوڈ کی گئیں۔

خاص طور پر کھانے پینے کی اشیا کی ایپس کو 2021 میں 194 ارب آرڈرز ملے جو 2020 کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہیں۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ ویڈیو اسٹریمنگ ایپس کو دیکھنے کے وقت میں کورونا وائرس کی وبا سے قبل کے مقابلے میں 16 فیصد اضافہ ہوا۔

کمپنی نے بتایا کہ بڑی اسکرینوں تک رسائی کے باوجود لوگ موبائل پر مواد دیکھ رہے ہیں اور اس شعبے میں مسابقت بڑھ رہی ہے اور خصوصی مواد تیار کیا جارہا ہے تاکہ نئے ناظرین کو اپنی جانب کھینچا جاسکے۔

عالمی سطح پر صارفین کو سب سے زیادہ مصروف رکھنے والی ایپ ٹک ٹاک ہی رہی جس کے بعد فیس بک، فیس بک میسنجر، واٹس ایپ اور انسٹاگرام ہیں۔

ٹک ٹاک اور فیس بک پر اوسطاً ماہانہ صارفین نے 19.6 گھنٹے گزارے مگر ٹک ٹاک اس لیے نمایاں ہے کیونکہ2020 میں یہ شرح 13.3 فیصد تھی۔

error: