جمالیات

بانی پاکستان کی ذاتی زندگی پر فلم یا ویب سیریز بنائے جانے کا امکان

Share

اگرچہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی سیاسی جدوجہد اور زندگی پر ’جناح‘ جیسی فلم بنائی جا چکی ہے اور انہیں متعدد ہولی وڈ و بولی وڈ کی تاریخ اور سیاست پر مبنی فلموں میں دکھایا گیا ہے۔

تاہم اب پہلی بار بانی پاکستان کی ذاتی زندگی پر فلم یا ویب سیریز بنائے جانے کا امکان ہے۔

بھرتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق بولی وڈ فلم پروڈیوسر کمار تورانی نے بھارتی صحافی و لکھاری شیلا ریڈی کی بانی پاکستان کی دوسری شادی پر لکھی گئی کتاب ’مسٹر اینڈ مسز جناح: دی میرج دئٹ شاک انڈیا‘ کے مالکانہ حقوق حاصل کرلیے۔

کمار تورانی نے تصدیق کی کہ انہوں نے مذکورہ کتاب کے مالکانہ حقوق حاصل کرلیے ہیں، جس پر دوسرے مرحلے کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔

کمار تورانی کے مطابق ابھی انہوں نے مذکورہ کتاب سے ماخوذ اسکرپٹ لکھنے کے لیے کسی بھی لکھاری کی خدمات حاصل نہیں کیں اور نہ ہی انہوں نے کسی ہدایت کار کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ’مسٹر اینڈ مسز جناح: دی میرج دئٹ شاک انڈیا‘ پر فلم یا ویب سیریز بنانے کے حوالے سے کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں ہوا، تاہم امکان ہےکہ کتاب پر فلم یا ویب سیریز ہی بنائی جائے گی۔

انہوں نے مذکورہ کتاب پر فلم یا ویب سیریز بنائے جانے کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں اور اس پر مزید گفتگو کو قبل از وقت قرار دیا۔

شیلا ریڈی کی کتاب ’مسٹر اینڈ مسز جناح: دی میرج دئٹ شاک انڈیا‘ کو 2017 میں بھارتی پبلشر ’پینگوئن‘ نے شائع کیا تھا، مذکورہ کتاب بانی پاکستان کی دوسری شادی کے گرد گھومتی ہے۔

کتاب میں بانی پاکستان کی دوسری شادی سے قبل ان کی ذاتی زندگی کے حالات، رتی جناح سے شادی کرنے اور دونوں کی شادی کے بعد کے حالات کو بیان کیا گیا ہے۔

—فوٹو: m-a-jinnah.blogspot.com

شیلا ریڈی کو مذکورہ کتاب سے ہی شہرت حاصل ہوئی اور انہوں نے کتاب کی اشاعت کے بعد پاکستانی دورہ بھی کیا تھا اور انہوں نے صحافی محسن جگنو کو اپنی کتاب کے حوالے سے خصوصی انٹرویو بھی دیا تھا۔

شیلا ریڈی کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ اگرچہ قائد اعظم پاکستان کے بانی بنے، تاہم انہیں بھارت کے بمبئی کا ہیرو اور چاہنے والا سمجھا جاتا تھا اور آج بھی انہیں بھارت میں پسند کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی لوگ اور خصوصی طور پر دہلی، ممبئی، حیدرآباد اور دیگر شہروں کے لوگ آج بھی قائد اعظم کی زندگی کے بارے میں تفصیلات جاننا اور ان کے احوال پڑھنا پسند کرتے ہیں۔

شیلا ریڈی کی مذکورہ کتاب پر بھارتی و پاکستانی جریدوں سمیت امریکی و یورپی جریدوں میں بھی تبصرے شائع ہوئے تھے، جن میں کتاب میں بیان کیے گئے کئی نئے دعووں پر بات کی گئی تھی۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ بانی پاکستان کی ذاتی زندگی پر لکھی گئی مذکورہ کتاب سے کب تک فلم یا ویب سیریز بنائی جائے گی، تاہم امکان ہے کہ اس پر آئندہ سال کے آخر تک کام کا آغاز ہوگا۔

زیادہ تر افراد کا خیال ہے کہ ممکنہ طور پر ’مسٹر اینڈ مسز جناح: دی میرج دئٹ شاک انڈیا‘ پر فلم کے بجائے ویب سیریز بنائی جائے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

کتاب کو 2017 میں شائع کیا گیا تھا;فوٹو: ٹوئٹر
کتاب کو 2017 میں شائع کیا گیا تھا;فوٹو: ٹوئٹر