جمالیات

‘بلیک پینتھر’ کی موت کی خبر کا منفرد ریکارڈ

Share

ایک روز قبل آنت کے کینسر کے باعث زندگی کی بازی ہار جانے والے ہولی وڈ اداکار 43 سالہ چیڈوک بوسمین نے جہاں زندگی میں کئی ریکارڈز اپنے نام کیے، وہیں ان کی موت کی خبر نے بھی منفرد ریکارڈ بنا ڈالا۔

چیڈوک بوسمین چند سال تک کینسر کے مرض سے لڑنے کے بعد 29 اگست کو اپنی رہائش گاہ پر چل بسے تھے اور ان کی موت کی خبر کی تصدیق ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی تھی۔

چیڈوک بوسمین کی موت کے حوالے سے ان کے اہل خانہ کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں اداکار کی بلیک اینڈ وائٹ تصویر شیئر کرنے سمیت ان کی بیماری، زندگی اور کردار پر مختصر نوٹ بھی شیئر کیا گیا تھا۔

اداکار کے خاندان کی جانب سے ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی خبر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور مذکورہ ٹوئٹ کو کچھ ہی گھنٹوں میں 70 لاکھ کے قریب بار پسند کیا گیا۔‎

ریکارڈ لائیکس کے بعد چیڈوک بوسمین کی موت کی خبر سب سے زیادہ پسند کی جانے والی ٹوئٹ بن گئی، جس کی تصدیق خود ٹوئٹر نے کی۔

ٹوئٹر کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ کی گئی کہ چیڈوک بوسمین کی موت کی ٹوئٹ اب تک سب سے زیادہ لائیک کی جانے والی ٹوئٹ بن گئی۔

ساتھ ہی چیڈوک بوسمین کی ٹوئٹ بھی شیئر کی گئی۔

چیڈوک بوسمین کی ٹوئٹ کو 30 اگست کی سہ پہر 3 بجے تک 66 لاکھ بار لائیک کیا گیا تھا جب کہ اسے 21 لاکھ بار ری ٹوئٹ کیا گیا تھا۔

چیڈوک بوسمین کی ٹوئٹ پر ہزاروں افراد نے کمنٹس کرتے ہوئے ان کی موت پر گہرے دکھ اور حیرانی کا اظہار کیا کہ اداکار اچانک کیسے چل بسے؟

چیڈوک بوسمین کی موت کی خبر اس لیے بھی لوگوں کے لیے زیادہ حیرانی کی وجہ بنی، کیوں کہ انہوں نے کبھی اپنی بیماری سے متعلق کوئی بات نہیں کی تھی اور ان کے زیادہ تر مداح ان کے مرض سے بے خبر تھے۔

ان کی موت کی ٹوئٹ میں ان کے خاندان کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ اداکار میں 2016 میں تیسرے اسٹیج کے آنت کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور بیماری کے علاج کے دوران بھی وہ فلموں کی شوٹنگ کرتے دکھائی دیے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ چیڈوک بوسمن کی کامیاب ترین اور ہولی وڈ کی مقبول ترین فلم ‘بلیک پینتھر’ بھی ان میں بیماری کی تشخیص کے بعد شوٹ کی گئی اور اسے 2018 میں ریلیز کیا گیا۔

چیڈوک بوسمین نے مذکورہ فلم میں ‘بلیک پینتھر’ کا مرکزی کردار ادا کیا تھا اور اس سے قبل بھی وہ متعدد فلموں میں شاندار کردار ادا کر چکے تھے۔

انہوں نے چند بائیوگرافی فلموں میں کھلاڑیوں، سیاستدانوں اور انسانی حقوق کے سیاہ فام علمبرداروں کے شاندار کردار بھی ادا کیے اور مجموعی طور پر محض ڈیڑھ درجن فلموں میں کام کیا تھا، جس میں سے تین کے قریب فلمیں آئندہ سال تک ریلیز کی جائیں گی۔

چیڈوک بوسمین نے 2003 میں اداکاری کی شروعات کی تھی اور ابتدائی طور پر انہوں نے ٹی وی میں قسمت آزمائی اور بعد ازاں 2013 کے بعد فلموں میں دکھائی دیے۔

‘بلیک پینتھر’ جیسا شاندار اور فلمی ناقدین و شائقین کے خیالات بدلنے والا کردار ادا کرنے کے باوجود چیڈوک بوسمین کو آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد نہیں کیا گیا تھا تاہم انہوں نے دیگر چند ایوارڈز جیت رکھے تھے۔

چیڈوک بوسمین کی موت کی ٹوئٹ سے قبل سب سے زیادہ لائیک کی جانے والی ٹوئٹ سابق امریکی صدر براک اوباما کی تھی جو انہوں نے 13 اگست 2017 میں کی تھی۔

براک اوباما کی ٹوئٹ میں انسانیت اور ہم آہنگی کا پیغام دیا تھا اور انہوں نے اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی تھی، جس میں وہ سیاہ و سفید فام بچوں کو کھڑکی سے مسکراتے ہوئے دیکھتے دکھائی دیے تھے۔

براک اوباما نے اپنی ٹوئٹ میں پیغام دیا تھا کہ کوئی بھی انسان دوسرے انسان سے رنگ، نسل اور مذہب کی بنیاد پر نفرت کے ساتھ پیدا نہیں ہوتا۔

سابق امریکی صدر کی ٹوئٹ کو تین سال بعد اب تک 45 لاکھ کے قریب بار پسند کیا جا چکا ہے تاہم چیڈوک بوسمین کی موت کی ٹوئٹ کو محض 24 گھنٹے میں 65 لاکھ بار لائیک کیا گیا تھا۔

بلیک پینتھر پہلا سیاہ فام سپر ہیرو کردار بھی ہے—اسکرین شاٹ
بلیک پینتھر پہلا سیاہ فام سپر ہیرو کردار بھی ہے—اسکرین شاٹ