فیچرز

تین بھائیوں نے اسپائیڈر مین بننے کے لیے خود کو مکڑی سے کٹوالیا

Share

بولیویا: اسپائیڈر مین فلم سےمتاثر ہونے کے بعد تین بھائیوں نے خود کو ایک خطرناک مکڑی سے کٹوالیا ۔ اگرچہ وہ اسپائیڈر مین تو نہیں بنے لیکن انہیں فوری طور پر ہسپتال ضرور جانا پڑگیا۔

یہ واقعہ بولیویا کے ایک دیہی علاقے میں پیش آیا جہاں انہوں نے ’بلیک وڈو‘ نامی مکڑی کو بار بار چھوا تاکہ وہ انہیں کاٹے اور ان تینوں کو مکڑی نے کاٹا یہاں تک کہ وہ اس سے متاثر ہونے لگے۔ یہ تینوں بچے چرواہے ہیں لیکن خود اسپائیڈر مین بننا چاہتے ہیں۔

مارول سےمحبت کرنے والے ان بچوں کے عمریں دس، بارہ اور آٹھ برس ہے ۔ بولیویا کی وزارتِ صحت کے مطابق وہ کیانتا کے علاقے میں اپنی بکریوں کے ساتھ تھے کہ انہیں بلیک وڈو اسپائیڈر دکھائی دی اور انہوں نے اسپائیڈر مین بننے کی ٹھانی۔ مکڑی کو اشتعال دلانے کے لیے انہوں نے اسے بار بار لکڑی سے چھیڑا بھی تھا۔

مکڑی کے ڈنک سے متاثر ہونے کے بعد ان کی تکلیف ناقابلِ برداشت ہوگئی اور تینوں رونے لگے۔ ان کی والدہ فوری طور پر انہیں قریبی ہسپتال لے گئی جہاں انہیں لاپاز کے ایک بڑے ہسپتال میں لے جایا گیا۔ اس وقت بچوں کو بخار، بدن میں درد اور جھٹکے لگنے شروع ہوگئے تھے۔

ایک ہفتے بعد بچے صحت مند ہوگئے اور انہیں ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بلیک وڈو اسپائیڈر زہریلی ہوتی ہے اوراس کا کاٹا ہوا بہت تکلیف پیدا کرتا ہے لیکن یہ جان لیوا نہیں ہوتا۔