پاکستان

جسٹس مامون رشید نے لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھالیا

Share

لاہور: جسٹس مامون رشیدشیخ نے لاہور ہائی کورٹ کے49ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔

گورنر ہاؤس لاہور کے دربار ہال میں منعقدہ تقریب میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جسٹس مامون رشید سے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔

جسٹس مامون رشید شیخ نے اپنے پیش رو جسٹس سردار محمد شمیم احمد خان کی 31 دسمبر 2019 کو سبکدوشی کے بعد آج عہدے کا حلف لیا اور وہ 18 مارچ 2020 کو ریٹائر ہوجائیں گے۔

تقریب حلف برداری کے موقع پر لاہور ہائیکورٹ کے ججز اور افسران، صوبائی وزرا، اٹارنی جنرل فار پاکستان، انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس شعیب دستگیر، چیف سیکریٹری پنجاب، وفاقی و صوبائی لا افسران موجود تھے۔

ان کے علاوہ تقریب میں پاکستان بار کونسل، پنجاب بار کونسل کے اراکین، لاہور ہائی کورٹ اور لاہور بار ایسوسی ایشن کے عہدیدار اور وکلا بھی شریک ہوئے۔

بعد ازاں جسٹس مامون رشید کا ہائیکورٹ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گا اور انہیں گلدستہ پیش کیا جبکہ چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

علاوہ ازیں چیف جسٹس مامون رشید شیخ نے ججز لاؤنج میں لاہور ہائی کورٹ کے ججز سے ملاقات کی، اس موقع پر چیف جسٹس نے دیگر ججز سے رسمی گفتگو کرتے ہوئے جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کے حوالے سے اپنا ویژن بھی پیش کیا۔