جمالیاتہفتہ بھر کی مقبول ترین

جینیفر لوپیز اور شکیرا ‘باسکٹ بال لیجنڈ’ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اکٹھے

Share

امریکی گلوکارہ و اداکارہ جینیفر لوپیز اور کولمبیا سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ شکیرا نیشنل فٹ بال لیگ چیمپئن شپ ‘سپر بال’ میں باسکٹ بال لیجنڈ کوبی برائنٹ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اکٹھے ہونے جارہی ہیں۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق میامی میں رکھی ایک پریس کانفرنس کے دوران دونوں گلوکاراؤں نے اعلان کیا کہ اتوار (2 فروری) کو یہ دونوں اسٹیج پر 12 منٹ کی پرفارمنس پیش کریں گے جو کوبی برائنٹ کے نام کی جائے گی۔

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

خیال رہے کہ باسکٹ بال لیجنڈ کوبی برائنٹ 27 جنوری 2020 کو کیلی فورنیا میں ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

جس ہیلی کاپٹر میں کوبی سوار تھے، اس میں ان کے ہمراہ ان کی 13 سالہ بیٹی گیانا اور مزید 7 افراد بھی سوار تھے اور حادثے کے نتیجے میں تمام افراد ہلاک ہوگئے۔

پریس کانفرنس کے دوران جینیفر لوپیز کا کہنا تھا کہ ان کے لیے وہ لمحہ بےحد جذباتی ہوگا جب وہ اسٹیج پر کوبی برائنٹ کے لیے پرفارم کریں گی۔

فوٹو: انسٹاگرام

انہوں نے کہا کہ ‘مجھے امید ہے کوبی جہاں بھی ہوں گے وہ ہمیں ضرور دیکھیں گے اور انہیں ہماری پرفارمنس پسند آئے گی’۔

اس موقع پر گلوکارہ شکیرا کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی بھی بےحد خوشی ہے کہ سپر بال جیسے ایونٹ کے دوران دو گلوکارائیں اسٹیج سنبھالیں گی اور یہ بات انہیں بااختیار ہونے کا احساس دلاتی ہے۔

فوٹو: انسٹاگرام

البتہ دونوں گلوکاراؤں نے فی الحال اپنی پرفارمنس کے حوالے سے کچھ زیادہ شیئر کرنے سے گریز کیا۔

خیال رہے کہ 41 سالہ کوبی برائنٹ کو 2008 میں نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن (این بی اے) کے بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

کوبی برائنٹ — فوٹو: انسٹاگرام
کوبی برائنٹ

وہ اپنے 20 سالہ کیریئر میں لاس اینجلس لیکرز ٹیم کی جانب سے باسکٹ بال کھیلتے رہے، وہ 5 مرتبہ نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے چیمپیئن بھی رہے۔

انہوں نے 2017 میں ‘ڈیئر باسکٹ بال’ نامی شارٹ اینیمیشن فلم بھی بنائی جس کے لیے انہیں آسکر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔