حرا مانی کے کورونا کے شکار ہونے پر شوہر نے سوال اٹھا دیا

اداکارہ حرا مانی کے کورونا کا شکار ہونے پر ان کے شوہر نے اہلیہ کی پوسٹ پر سوال اٹھاتے ہوئے کمنٹ کیا کہ یہ کون طے کرے گا کہ کس سے کس کو کورونا لگا؟

حرا مانی نے 19 جنوری کو انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ ان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آگیا اور انہوں نے خود کو گھر تک محدود کردیا۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مداحوں کو اپیل کی کہ وہ فیس ماسک کا استعمال ضرور کریں اور اپنے بچوں سمیت اہل خانہ کا بھی خصوصی خیال رکھیں۔

حرا مانی نے لوگوں کو اپیل کی کہ وہ کورونا سے تحفظ کی تمام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کر کے اپنے پیاروں اور خود کو بھی محفوظ رکھیں۔

ساتھ ہی اداکارہ لکھا کہ اس موقع پر ایک فلمی تصویر شیئر کرنا لازمی ہے، ساتھ ہی انہوں نے اپنی تازہ تصویر بھی شیئر کی۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں واضح نہیں کیا کہ ان کے علاوہ دیگر اہل خانہ بھی کورونا سے متاثر ہوئے یا نہیں اور نہ ہی انہوں نے بتایا کہ وہ کیسے کورونا کا شکار ہوئیں؟

حرا مانی کی پوسٹ پر متعدد شوبز شخصیات اور مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔

اہلیہ کے شوہر نے مزاحیہ کمنٹ کیا جس پر ان کے مداح بھی خوش دکھائی دیے—اسکرین شاٹ

شوبز شخصیات کے علاوہ مداحوں نے بھی ان کی جلد صحت یابی کی دعائیں کیں اور ساتھ ہی انہیں مشورہ بھی دیا کہ وہ بھی اپنا خیال رکھیں۔

حرا مانی کی کورونا کی پوسٹ پر ان کے شوہر مانی نے بھی کمنٹ کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں سوال اٹھایا کہ یہ طے ہونا ابھی باقی ہے کہ کس سے کس کو کورونا لگا؟

مانی نے کمنٹ کیا کہ ’اب یہ کون طے کرے گا کہ کس کو کس سے ’کورونا‘ لگا۔

مانی کے کمنٹ پر مداحوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے محبت کا اظہار کیا اور دونوں کی صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔

حرا مانی نے گزشتہ برس جون میں کورونا کے تحفظ کی ویکسین لگوائی تھی اور اس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔

ویکسین لگواتے وقت درد سے چیخنے پر ان کی ویڈیو خوب وائرل ہوئی تھی۔

ویکسین لگواتے وقت بھی حرا مانی نے لوگوں کو اپیل کی تھی کہ وہ جلد سے جلد ویکسین لگوا کر خود کو اور اپنے اہل خانہ کو کورونا سے محفوظ بنائیں۔

حرا مانی سے قبل حال ہی میں اداکارہ ماہرہ خان بھی کورونا کی نئی قسم ’اومیکرون‘ کا شکار ہوئی تھیں مگر وہ جلد صحت یاب ہوگئی تھیں۔

ان کی طرح سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری بھی حال ہی میں ’اومیکرون‘ سے صحت یاب ہوئی تھیں، انہوں نے بھی بتایا تھا کہ ویکسینیشن کی وجہ سے وہ جلد صحت یاب ہوئیں۔

علاوہ ازیں سینیئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے بھی دو دن قبل بتایا کہ وہ بھی کورونا کا شکار ہوئی ہیں اور انہوں نے خود کو گھر تک محدود کرلیا۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published.