دماغ کو ہر عمر میں صحت مند رکھنے میں مددگار غذائیں

عمر بڑھنے کے ساتھ دماغی تنزلی سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو پھلوں، سبزیوں، بیجوں اور دیگر غذاؤں کا استعمال معمول بنالیں۔

یہ بات یونان میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ورم کش خصوصیات رکھنے والی غذاؤں کا استعمال عمر بڑھنے کے ساتھ ڈیمینشیا کا شکار ہونے کا خطرہ کم کرتا ہے۔

کاپوڈسٹریشن یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ ورم بڑھانے کا باعث بننے والی غذاؤں کا اتستعمال یادداشت سے محرومی، زبان کے مسائل، مسائل حل کرنے کی صلاحیت اور سوچ سے جڑی دیگر صلاحیتوں کا امکان 3 گنا بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ ورم کش غذا کا استعمال ڈیمینشیا میں مبتلا ہونے کا خطرہ کم کرتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ غذا ممکنہ طور پر دماغی صحت پر متعدد میکنزمز کے ذریعے اثرات مرتب کرتی ہے اور ہمارے نتائج کے مطابق ورم ان میں سے ایک ہے۔

اس تحقیق میں ایک ہزار سے زیادہ معمر افراد کو شامل کیا گای تھا او ان سے سوالنامے بھروا کر غذائی عادات کی جانچ پڑتال کی گئی۔

تحقیق کے آغاز میں کسی میں بھی ڈیمینشیا کی تاریخ نہیں تھی اور 3 برسوں کے دوران 6 فیصد میں دماغی تنزلی کی تشخیص ہوئی۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ مغربی طرز کی غذا کے استعمال سے ڈیمینشیا کا خطرہ 21 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

اس کے مقابلے میں پھلوں، سبزیوں، بیجوں، دالوں، کافی یا چائے کا زیادہ استعمال دماغی تنزلی سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کرتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل نیورولوجی میں شائع ہوئے۔

اس سے قبل 2018 میں امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں بتایا گیا کہ سبزیاں، مچھلی، گریاں اور زیتون کے تیل وغیرہ پر مشتمل غذا کا زیادہ استعمال دماغ کو ہر عمر میں صحت مند رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ سبزیاں، مچھلی اور زیتون کے تیل پر مشتمل غذا کا زیادہ استعمال ایسے نقصان دہ اجزاءکو دماغ جمع ہونے کا خطرہ 15 فیصد تک کم کردیتا ہے جو جان لیوا الزائمر امراض کا باعث بنتے ہیں۔

اس غذا کا 3 سال تک استعمال دماغی سرگرمیوں کو محفوظ بناتا ہے۔

تحقیق کے مطابق طرز زندگی دماغی صحت پر اہم کردار ادا کرتا ہے، خصوصاً اوپر درج کی گئی غذا کی ورم کش خصوصیات دماغی شریانوں کو نقصان نہیں پہنچنے دیتی۔

محققین کا کہنا تھا کہ اس غذا کے استعمال 11 سو افراد کو 12 سال سے زائد عرصے تک کرایا گیا اور نتائج سے معلوم ہوا کہ اس سے الزائمر کے خطرے کو ساڑھے 3 سال تک ٹالا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ سبزیوں، مچھلی، گریوں اور زیتون کے تیل کی غذا پر ٹکے رہتے ہیں، ان کا دماغ لمبے عرصے تک صحت مند رہتا ہے۔

error: