کھیل

دوسرا ٹیسٹ: پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 9 وکٹوں پر 223 رنز بنالیے

Share

پاکستان نے وکٹ کیپر محمد رضوان کی ذمہ دارانہ نصف سنچری کی بدولت دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں 9 وکٹوں پر 223 رنز بنالیے۔

ساؤتھمپٹن میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز قومی ٹیم نے کھیل کا آغاز کیا تو بابراعظم 25 اور محمد رضوان 4 رنز پر کھیل رہے تھے جبکہ مجموعی اسکور 126 رنز تھا۔

دوسرے روز بھی بارش کے باعث میچ میں تاخیر ہوئی—فوٹو:اے ایف پی
دوسرے روز بھی بارش کے باعث میچ میں تاخیر ہوئی—فوٹو:اے ایف پی

بارش کے باعث کھیل تاخیر کا شکار ہوا لیکن جب کھیل شروع ہوا تو دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا تاہم بابراعظم ایک موقع پر 47 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔‎

بابر اعظم 158 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد یاسر شاہ نے رضوان کا ساتھ دیتے ہوئے اسکور 171 تک پہنچایا گوکہ ان کا حصہ صرف 5 رنز تھا۔

شاہین شاہ آفریدی کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد عباس 2 رنز بنا کر اسٹورٹ براڈ کی وکٹ بن گئے، اس وقت پاکستان کا اسکور215 رنز تھا۔

میدان میں قبل ازوقت اندھیرا چھا جانے کے باعث دوسرے روز کے کھیل کو جلدی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس وقت پاکستان نے 8 وکٹوں پر 216 رنز بنالیے تھے۔

محمد رضوان 60 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ نسیم شاہ ایک رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، کیوران اور کرس ووکس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستانی قوم یوم آزادی جوش و خروش سے منارہی ہے—فوٹو:پی سی بی ٹوئٹر
پاکستانی قوم یوم آزادی جوش و خروش سے منارہی ہے

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی بلے بازوں نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا تھا اور صف اول کے 5 بلے باز 120 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے تاہم عابد علی نے 60 رنز کی اننگز کھیلی تھی، بعد ازاں بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کو بحران سے بچالیا۔

پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے شان مسعود صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے تھے، عابد علی اور کپتان اظہر علی کے درمیان شراکت ضرور قائم ہوئی لیکن کپتان 20 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

ٹیم میں 11 سال بعد منتخب ہونے والے فواد عالم صفر پر آؤٹ ہوئے تھے جبکہ تجربہ کار اسد شفیق کی اننگز 5 رنز تک محدود رہی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: اظہر علی(کپتان)، شان مسعود، عابد علی، بابر اعظم، اسد شفیق، فواد عالم، محمد رضوان، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور نسیم شاہ

انگلینڈ: جو روٹ(کپتان)، ڈوم سبلی، رورے برنز، زیک کرالی، اولی پوپ، جوز بٹلر، کرس ووکس، ڈوم بیس، سیم کرن، اسٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن